اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم برائے نجکاری ایم علی نے کہا ہے پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب ملیں گے،سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم علی نے کہاپی آئی اے کا سب سے بڑا اثاثہ روٹس ہیں، پی آئی اے سالانہ40 لاکھ مسافروں کو سہولیات فراہم کرتی ہے، کئی سال قبل پی آئی اے کے پاس 50 جہاز آپریشنل تھے جو اب 100 ہونے چاہئیںتھے، پی آئی اے کے پاس 30فیصد مارکیٹ شیئر ہیں۔
مشیر نجکاری نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا نجکاری کے عمل کی تکمیل میں وزیراعظم شہبازشریف ،اسحاق ڈار،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت سب نے رہنمائی و معاونت کی،مالیاتی مشیروں کی کارکردگی قابل تحسین رہی،نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہونا حکومتی کاوشوں کی عکاسی ہے،2015 کے بعد سے پی آئی اے کو ہر سا ل اربوں کے خسارے کا سامنا تھا،ڈیجیٹلائزیشن نہ ہونے اور عالمی سطح پر مسابقت نہ کرسکنے کی وجہ سے مالی خسارہ بڑھتا گیا۔
ایم علی نے کہا نجکاری کے حالیہ عمل میں شفافیت، قومی مفاد و متعلقہ کمپنی کی بہتری کو ترجیح دی، فوجی فرٹیلائزرز گروپ پی آئی اے خریدنے والے کنسورشیم میں شامل ہو تو فائدہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا قومی ایئر لائن کی نجکاری شفاف انداز میں ہوئی، قومی ایئر لائن کی نجکاری تاریخی موقع ہے،وزیر اعظم کی ہدایت پر نجکاری کے عمل کو براہ راست دکھایا گیا، مفتاح اسماعیل کا شکریہ بہترین بڈنگ قرار دیا، کامیابی میںوزیراعظم ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی اہم کردار ہے۔
نجکاری سے پی آئی اے کی عظمت بحال،حکومت کو 55 ارب ملیں گے،مشیر وزیراعظم

















