پی آئی اے 135ارب میں فروخت،طیاروں کی تعداد بڑھائیں گے،چیئرمین عارف حبیب گروپ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پی آئی اے 135ارب میں فروخت،عارف حبیب کنسورشیم نے 75 فیصد شیئرز خرید لیے،نجکاری کاعمل ٹی وی پر براہ راست دکھایا گیا۔
نیلامی تقریب میں لکی ،عارف حبیب کنسورشیم کے درمیان 3 راﺅنڈ ہوئے،پہلے مرحلے میںعارف حبیب کنسورشیم 115 ،لکی کنسورشیم نے 101 ارب 50 کروڑ کی بولی لگائی ،دوسرے مرحلے میں نیلامی کی بولی 121 ارب پر روکی گئی ،وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کیا ،تیسرے مرحلے میں بڑی بڑی بولیاں لگیں، رقم 135 ارب پر پہنچی تو لکی کنسورشیم نے عارف حبیب کو پی آئی اے خریدنے کی مبارکباد دی،لکی سیمنٹ کا134 ارب کےساتھ دوسرا نمبررہا،قومی ائیر لائن کے جہاز اب عارف حبیب کنسورشیم گروپ اڑائے گا۔
مشیر نجکاری کمیشن ایم علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا قومی ائیر لائن کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری آئےگی، حکومت چاہتی ہے پی آئی اے ماضی کی طرح بہتر ہو، باقی 25 فیصد شیئرز کےلئے 90 روز میں معاملات کیے جا سکتے ہیں،2تہائی پیمنٹ شروع ،ایک تہائی بعد میں کی جا سکے گی، بڈرز کو بولی کے بعد 2 پارٹیز کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی بھی اجازت دےدی،بولی سے حاصل رقم کا 92.5فیصد حصہ قومی ائیر لائن کی بہتری پر خرچ ہو گا۔
ایم علی نے کہا حکومت نے 75 فیصد حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کیا، مقصد صرف پی آئی اے بیچنا ،پیسے لینا نہیں بلکہ پی آئی اے کو بہترین ائیر لائن بنانا ،سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،سٹرکچر پر نظر ثانی کی گئی،نجکاری کے عمل کو صاف و شفاف بنانے کو یقینی بنایا گیا دیگر اداروں کی نجکاری کیلئے بھی راہ ہموار ہوگی۔
وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا مشیر نجکاری،ٹیم کو کامیاب بولی پر مبارکباد دیتا ہوں، یہی کہوں گاپاکستان کی جیت ہے،بولی میں حصہ لینے والے تمام کاروباری لوگ ہیں،کامیاب بولی دہندہ قومی ائیر لائن کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنائے گا۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب گروپ کے چیئرمین نے طیاروں کی تعداد بڑھا کر 65 کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاپاکستان کی جیت ہوئی، پی آئی اے کو دوبارہ سے عظیم بنانے کےلئے محنت کریں گے،نجکاری سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان آئیں گے۔
عارف حبیب نے کہا پی آئی اے نے اچھے دن دیکھے ، پہلے مرحلے میں آپریشنل طیاروں کی تعداد 38 پھر 65 تک لے کر جائیں گے،حکومت نے بولی کا کامیاب انعقاد کرایا، پرائیویٹائزیشن کمیشن اور کابینہ کو بھی سارے عمل کا کریڈٹ جاتا ہے،ملکی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا، نجکاری کے اور راستے کھلیں گے،پی آئی اے عملے کو اعتماد دیں گے اور مزید لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب بڈنگ پر اظہار تشکر اورقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا اقتدار سنبھالنے پر قوم سے وعدہ کیا تھا ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل انتہائی اہم سنگ میل ہے، بولی کا عمل انتہائی شفاف رہا،ملکیتی اداروں کی نجکاری اہم کردار ادا کرے گی، ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا،پی آئی اے کی نجکاری ثبوت ہے۔
شہبازشریف نے کہا تمام ریاستی اداروں کے تعاون سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر برائے نجکاری ایم علی، نجکاری کمیشن و دیگر متعلقہ افراد کی کوششیں لائق تحسین ہیں، نجی شعبے کے اشتراک سے ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کےلئے پرعزم ہیں۔
مزید برآں ترجمان وزیراعظم مشرف زیدی نے کہا وزیر اعظم کی قیادت میں محنت اور مذاکرات کے عملی نتائج آنا شروع اب فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی ہو گی،قومی ائیر لائن کی طرح فائیو جی سپیکٹرم آکشن کی منظوری بھی براہ راست نشر کی جائےگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماشوکت یوسفزئی نے کہا پی آئی اے کی نجکاری پر دل خون کے آنسو رو رہا،پوری دنیا میں قومی اثاثوں کو تحفظ فرام کیا جاتا ہے، نااہل حکمرانوں کی مبینہ کرپشن سے قومی ادارے زوال پذیر ہو رہے ہیں،پی آئی اے ابتدا ہے ابھی معلوم نہیں کتنے ادارے فروخت ہوں گے۔

















