لاہور:(کورٹ رپورٹر)9 مئی جی او آر گیٹ حملہ کیس میں یاسمین راشد، اعجاز چودھری، سرفراز چیمہ ، محمود الرشید کو 10، 10 سال قید ،شاہ محمود قریشی کو بری کردیا گیا،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے مجموعی طور پر8 ملزموں کو سزا سنائی،عبد اللہ بدر، مشتاق احمد ، قاسم الٰہی ، شہباز بھی 10،10 سال قید بھگتیں گے،جرم ثابت نہ ہونے پرشاہ محمود قریشی سمیت 13ملزموں کو بری کردیا گیا۔
جج خصوصی عدالت نے اشتہاری قرار دئیے گئے 4 ملزموں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دےدیا، اشتہاری قرار پانے والوں میں فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان شامل ہیں،دوران ٹرائل یاسمین راشد سمیت 21 ملزموں کے حتمی بیانات قلمبند کیے گئے، پراسیکیوشن نے 56 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا۔
دریں اثنا کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت نے ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کر دی،جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماﺅں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری ،میاں محمودالرشید نے وکیل کے ذریعے میڈیا کو خط لکھتے ہوئے کہا3 سال 8ماہ سے پاکستان شدید بحرانوں کا شکار ہے، ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے ملک کا سوچے اور پرامن ذرائع سے مقاصد حاصل کرے،سمجھتے ہیں ہر سطح پر گفت و شنید ہی واحد حل ہے، گفت و شنید ہی بالعموم پاکستان ،تحریک انصاف کو بحران سے نکال سکتی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا بانی پی ٹی آئی نے تحریک تحفظ آئین کو ذمہ داری دی ہے قومی جماعتوں کی مشاورت سے حل نکالیں، وسیع تر مشاورت درحقیقت مذاکرات کا دروازہ ہے، محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر عباس سے توقع کرتے ہیں قوم کی رہنمائی کریں گے۔
9مئی کیس، یاسمین راشد، اعجاز چودھری ودیگر کو10، 10 سال قید ،قریشی بری

















