حلال گوشت کی برآمدی پالیسی منظور، خدمت کا سفر جاری رہے گا،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حلال گوشت کی برآمدی پالیسی منظور،وزیراعظم شہبازشریف نے حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کےلئے آئندہ 2ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل3سالہ جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مسلمان ممالک اور دنیا بھر کی حلال گوشت مارکیٹ میں پاکستان کا برآمدی حصہ قابل قدر بنانے کےلئے تمام متعلقہ وزارتوں و صوبائی حکومت کی مشاورت سے بنائی گئی جامع حکمت عملی ناگزیر ہے،مذبحہ خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن و دیگر ممالک سے دو طرفہ رجسٹریشن میں حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا لائیو سٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق و علاقائی پیداواری مقدار کی مسابقت میں بڑھانے کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، حلال گوشت کی پیداواری ،غذائی قدر میں اضافے کےلئے متعلقہ وفاقی وزارتوں،صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

شہبازشریف نے کہا حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کےلئے بزنس ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین لائحہ عمل سے مستفید ہوتے ہوئے مرتب کیاجائے،ملک میں موجود مذبحہ خانوں کو بیماری سے پاک ،عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔

دریں اثنا”راست“ کے بورڈ ممبران کےساتھ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ”راست“ (RAAST) کے بورڈ ممبران کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی ملک بھر کے کاروباری افراد کو ”راست“ پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دینے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں،امید ہے قومی اہمیت کے حامل ادارے کو مزید بہتر انداز میں چلایا جائے گا،کیش لیس معیشت اور مالیاتی شمولیت کے فروغ میں ”راست“ کاکلیدی کردار ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی ترقی کےلئے آئی ٹی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کر دی گئیں،وزیراعظم نے کہا حکومت آئی ٹی شعبے میں افرادی قوت کی تکنیکی تربیت، ٹیکس میں آسانیوں و دیگر امور میں بہتری کےلئے کوشاں ،آئی ٹی برآمدات میں بتدریج اضافہ انتہائی خوش آئند ہے، آئی ٹی کی تکنیکی تربیت کےلئے تمام اقدامات پاکستانی نوجوانوں کو عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں بطور تجربہ کار افرادی قوت متعارف کرانے پر مرکوز ہیں۔

شہبازشریف نے کہا نوجوانوں کےلئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کےلئے مزید اقدامات لیے جائیں اور ملک میں آئی ٹی انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے،ڈیجیٹل معیشت کی ترویج صارفین کی انٹرنیٹ تک رسائی پر منحصر ہے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے جڑواں شہروں میں مزید2 ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل و عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا منصوبے نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ پاکستان بھر سے آنے والے عوام کیلئے فائدہ مند ہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا،وزیر داخلہ، ٹیم و کنٹریکٹرز کو شاندار منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں،عوام کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی خوش آئند ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے اقبال فلائی اوور ٹی چوک، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کا افتتاح کیا۔

ادھر قومی اسمبلی کے اقلیتی اراکین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اقلیتیں پاکستان کے سماجی و معاشی نظام کا اہم حصہ ہیں، آئین پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہے، حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی و تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائے گی۔