پنجاب:ناکام افسروں کا کڑااحتساب،لیہ ، بچہ گڑھے میں گرنے پراے سی فارغ
لاہور:(اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں شہریوں کی حفاظت و سہولت میں ناکام افسروں کا کڑا ،فیصلہ کن احتساب،تبادلے،باز پرس ،سخت وارننگز جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز سے 3گھنٹے طویل احتسابی ویڈیو لنک کانفرنس اجلاس ہوا،مریم نواز نے لیہ میں گڑھے میں گر کر 2 سالہ بچے کی المناک موت پر اے سی لیہ حارث حمید کو میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی اورفوری تبادلے کا حکم دیا،کھلے مین ہول،کتے کے کاٹنے،خستہ حال انفراسٹرکچر ،قبضہ مافیا کےخلاف انتظامیہ کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز نے مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناموزوں کارکردگی کا سخت نوٹس لیا اور”کے پی آئیز“کے معیار پر مکمل جانچ ،ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کو سٹاف و افسروں کیلئے ”کے پی آئیز“ مقررکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاپنجاب کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ ، سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے مین ہول میں گرنے اور کتے کاٹنے کے خوفناک واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا، ملتان، حافظ آباد ، بہاولنگر میں واقعات کے تسلسل پر ڈپٹی کمشنرسے باز پرس ،غفلت کو بے نقاب ،ڈپٹی کمشنر لیہ کی افسوسناک واقعہ پر سرزنش کی گئی،مریم نواز نے کہا افسوسناک واقعات وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی افسروں کو ایکشن لینا چاہیے، کتے کاٹنے کے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے، کھلے مین ہول ،سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسروں کی ذمہ داری نہیں؟،کسی سیاسی دباو کی پروا ہ نہیں کرنی، گڈ گورننس ،شفافیت کونصب العین بنانا ہے۔
مریم نواز نے قبضہ کیس میں 3607مقدمات کے فوری فیصلے و قبضے پر شاباش دی اور قبضہ کیسز میں اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنروں کو مزید بااختیار ،پنجاب کے ہربازار کی بیوٹیفکیشن ڈ یزائن پکچر کے مطابق کرنے ،بیوٹیفکیشن پلان کی فول پروف مانیٹرنگ ،شہریوں کی آسانی و حفاظت کیلئے ہر سڑک کیساتھ فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا، شہریوں کی رہنمائی کیلئے ہر شہر کی مارکیٹوں میں واضح و یکساں سائن بورڈز لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں کیلئے بازاروں ، مارکیٹوں میں ہریالی بڑھانے ، خوشگوار ماحول بنانے پر زور دیا، خواتین کیلئے لاہور کے تاریخی اچھرہ بازار کو خوبصورت ،آرام دہ بنایا جائے گا،اچھرہ بازار میں کافی شاپ، پکوڑے ، چاٹ کے معیاری و خوبصورت سٹال بھی لگیں گے، لاہور کے تاریخی اچھرہ بازار میں خریداروں کی آسانی کیلئے صاف ستھرے ،نئے ٹائلٹس بنیں گے، قصور میں سٹیٹ آف دی فوڈ سٹریٹس ، جنرل بس سٹینڈکی تزئین و آرائش ہوگی، شاہ کوٹ، واربرٹن،سانگلہ ہل کے بازار ،ننکانہ صاحب کا کلاک ٹاور بھی سجے گا، پاکپتن میں بابا فرید بازار ،برتن بازار ، کنال برج کی بیوٹیفکیشن مئی کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کردیا گیا،وزیراعلیٰ نے ساہیوال کا پاکپتن بازار، صدر بازار ، برینڈ روڈ کی بیوٹیفکیشن 31مئی تک اوراوکاڑہ کا گول چوک بازار، فوڈ سٹریٹس و پارکنگ ایریا بھی مئی سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔
دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت پنجاب کی188 فروٹ و سبزی منڈیوں پراجلاس ہوا،188فروٹ سبزی منڈیوں کو ماڈرن، صفائی، سٹریٹ لائٹس، ٹائلٹس، آکشن شیڈ، شفاف نیلامی،ویسٹ ٹو ویلیو اور آف سیزن سبزیوں کی کاشت جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا پنجاب کے 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک،سیف سٹی سے آن لائن ٹریکنگ،لائٹس،صفائی ،فنکشنل ٹوئلٹس یقینی بنایا جارہا ہے، دھوکہ دہی کے سدباب کیلئے سبزی منڈیوں میں براہ راست نیلام ہوگی ،آکشن شیڈ قائم،خریداروں ،آڑھتیوں کے صاف پانی کےلئے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹ بحال کر دئیے گئے۔
ماڈرن سبزی منڈیوں میں صفائی کا نیا نظام،سٹاف و ویسٹ کولیکشن سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے،صاف ستھرے ٹائلٹ مکمل طور پر فعال ،تمام ماڈرن فروٹ سبزی منڈیوں میں خریداروں کےلئے ہیلپ ڈیسک قائم ، ریٹ بورڈ آویزاں ،2 لاکھ 66 ہزار سے زائد سٹریٹ لائٹس فعال کر دیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا ماڈرن سبزی منڈیوں میں بھی ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کا آغاز کر دیا گیا، ماڈرن سبزی منڈیوں کاگرین ویسٹ کو بائیو گیس ،پولٹری فیڈ بنانے کےلئے استعمال ہوگا، ہر ماڈرن سبزی منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال ،مین ہول پر ڈھکن لگ گئے، پنجاب میں پہلی مرتبہ سبزی ،پھلوں کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کےلئے ٹریکنگ آن ویل سسٹم نافذ ،پنجاب میں آنےوالے سبزی و پھل کے ہر ٹرک کی ٹریکنگ سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کر دی گئی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ ، منڈی بہاوالدین میں ماڈرن سبزی منڈیاں قائم ہوں گی، مری کے عوام کو سستے پھل ،سبزی فراہم کرنے کےلئے سپلائی چین سسٹم قائم ہوگا، مری میں ہول سیل نرخ پر پھل ،سبزیاں میسر ہوں گی۔
مریم نواز نے آف سیزن سبزیوں کے حصول کیلئے جدید طریقہ کاشت اختیار،عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کےخلاف فوری کارروائی اور نوکری سے فارغ کرکے جیل میں ڈالنے کاحکم دےدیا،اجلاس میں مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکرٹری بھرتی کرنے کی اجازت دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے وزیر زراعت عاشق کرمانی،معاون خصوصی سلمیٰ بٹ، ڈی جی فوڈ امجد حفیظ و پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاپنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا اب کوئی مافیا نہیں پنپ سکتا، عوام کو ہر صورت پر سستی روٹی ،سستا آٹا فراہم کریں گے، پھل و سبزیوں منڈیوں کے خود سرپرائز وزٹ کروں گی پنجاب میں ایسے شاندار کام ہورہے ہیں کہ دوسرے صوبے تقلید کرنے پر مجبور ہوگئے۔
















