رئیل سٹیٹ، زراعت ، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے کہا ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کا 11 فیصد ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ رئیل سٹیٹ، زراعت اور ریٹیل سیکٹر ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا گیا،وزارت خزانہ کے مطابق سی این این بزنس عربیہ کو دئیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان جامع معاشی استحکام کے پروگرام پر عمل پیرا رہا ہے جس کے مثبت اور قابل پیمائش نتائج سامنے آئے ہیں، افراط زر جو ایک موقع پر 38 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکا تھا، اب کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گیا ہے، مالیاتی محاذ پر پاکستان نے پرائمری سرپلس حاصل کیے ہیں جبکہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ مقررہ اہداف کے اندر رہا ہے، شرح ز مبادلہ میں استحکام آیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو کر تقریباً ڈھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہو چکے ہیں جو بیرونی معاشی مضبوطی کا مظہر ہے،سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال کے دو اہم عالمی اعترافات کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا رواں سال تینوں عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ اور آو¿ٹ لک کو اپ گریڈ کیا ، آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت دوسرے جائزے کی کامیاب تکمیل کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے بھی حال ہی میں منظوری دی ،وفاقی وزیر خزانہ نے واضح کیا معاشی استحکام نظم و ضبط پر مبنی مالیاتی اور زری پالیسیوں کےساتھ ساتھ جامع ساختی اصلاحات کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے، ٹیکس اصلاحات، توانائی، سرکاری ادارے، عوامی مالیاتی نظم و نسق اور نجکاری جیسے اہم شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں جن کا مقصد استحکام کو مضبوط بنانا اور پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھنا ہے،ٹیکس نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا اصلاحاتی پروگرام کے آغاز پر پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد تھاجو گزشتہ مالی سال کے دوران بڑھ کر 10.3 فیصد ہو گیا ، حکومت کا ہدف ایسا ٹیکس نظام تشکیل دینا ہے جو درمیانی اور طویل مدت میں مالی خود کفالت کو یقینی بنائے ۔