کوکلکتہ (مشرق نیوز) بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی کی آمد کے موقع پر بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث شائقین شدید غصے کا شکار ہو گئے جس کے نتیجے میں سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کے واقعات بھی پیش آئے۔
رپورٹس کے مطابق میسی مختصر وقت تقریباً 10 منٹ کیلئے سٹیڈیم میں موجود رہے جس پر مداحوں میں مایوسی پھیل گئی۔ ایک شائق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی خراب انداز میں منعقد کیا گیا ایونٹ تھا۔ انکے مطابق میسی کے اردگرد سیاسی رہنماوں اور وزرا کا ہجوم تھا جس کی وجہ سے عام شائقین انہیں دیکھ بھی نہ سکے۔
مداح کا کہنا تھا کہ میسی نے اپنی آمد پر نمائشی فٹ بال بھی نہیں کھیلی جبکہ منتظمین کی جانب سے شاہ رخ خان کی آمد کے دعوے بھی پورے نہ ہو سکے۔ شائقین نے وقت، پیسے اور جذبات ضائع ہونے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
واقعہ کے بعد ریاستی حکام کی جانب سے لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے باقاعدہ معذرت کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ یہ کمیٹی ریٹائرڈ جسٹس اشیم کمار رائے کی سربراہی میں کام کریگی جس میں چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہِل افیئرز) بھی شامل ہوں گے۔
کمیٹی واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاو کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔ حکام نے ایک بار پھر تمام سپورٹس شائقین سے دلی معذرت کی ہے۔ بعد ازاں لیونل میسی کے قیام کے ہوٹل کے باہر جمع ہونے والے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے بھی پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔
ذرائع کے مطابق میسی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں شائقین ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے تھے جس کے باعث سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہجوم کے بڑھتے دباو اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے معمولی لاٹھی چارج اور دیگر اقدامات کرنا پڑے۔ انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ کارروائی ضروری تھی۔
کولکتہ: بدنظمی اور ہنگامہ آرائی، میسی مداحوں سے ملے بغیر ہی واپس


















