تاجر تنظیموں کی ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی

لاہور (کامرس رپورٹر) ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے بھی ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کی دھمکی دیدی جبکہ ٹرانسپورٹرز نے اپنے ٹرک سڑکوں پر کھڑے کر کے چابیاں حکومت کے حوالے کرنیکا عندیہ دیدیا۔ لاہور پریس کلب میں گڈز ٹرانسپورز الائنس، انجمن تاجران، مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سمیت اہم تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نعیم میر، ریاض خان تاجک، سہیل بٹ، سلیم، عمر جاوید، نذیر جٹ، محمد الطاف، ملک جمیل، شفا اللہ نیازی، طارق ورک، فیصل ورک، رانا شاہد، حاجی شریف، عابد میر، اشفاق بٹ، رضوان بٹ سمیت اہم رہنماﺅں نے کہا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025ءمیں ناجائز طور پر بھاری جرمانے نافذ کئے گئے ہیں۔ جرمانے ہمارے طے کردہ کرایوں سے بھی بڑھ چکے ہیں، ٹریفک پولیس کے علاوہ بھی 10 کے قریب مختلف جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں۔ ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ بنا کر ہماری بدنامی کی جا رہی ہے، ڈرائیور خوفزدہ ہیں اور سڑک پر ٹرانسپورٹ لے جانے پر راضی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چار روز سے جاری ہڑتال سے اشیائے ضروریہ کی قلت ہورہی ہے۔ واٹر اور آئل ٹینکر مالکان بھی رابطے میں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ٹرانسپورٹ پر عائد بھاری جرمانے ختم کرے، ڈرائیوروں پر پرچے نہ کئے جائیں، سبزی فروٹ تک کی سپلائی بند ہے۔ ہم قانون پسند شہری ہیں، حکومت مذاکرات کرے اور ٹرانسپورٹرز سے باعزت سلوک کیا جائے۔ تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ ہمارے سامان کی ترسیل رک گئی ہے، حکومت ظالمانہ رویہ بند کرے، ہم پنجاب حکومت کے دست و بازو ہیں مگر ہماری شنوائی نہیں ہورہی، حکومت ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم کرے، دوسری صورت میں ہم بھی شٹر ڈاو¿ن کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔ اس موقع پر لاہور چیمر، کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے بھی پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے مطالبات کا ساتھ دینے کا یقین دلایا گیا۔