مریم نوازکے ترقی و خوشحالی ویژن نے عوام کی تقدیر بدل دی،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری ن لیگ سرگودھاطارق قاسمی نے ملاقات کی،ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب حکومت کے میگا ترقیاتی منصوبوں سمیت پارٹی کے تنظیمی معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہامریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی شاہراہ پر گامزن ،100سے زائد انیشیٹو پر کام کامیابی سے جاری ہے ،وزیر اعلیٰ کے ترقی و خوشحالی کے ویژن نے عوام کی تقدیر بدل دی،بانی پی ٹی آئی ذہنی مریض ،”ذہنی مریض“مجرم کی بہن خود ملاقات کر کے آ کر بتاتی ہے میرا بھائی ڈپریشن میں ہے وہ بچارا ”ذہنی مریض“ہے تو وہی الفاظ اگر ہم کہیں تو پھر اتنا پٹ سیاپا کیوں کیا جاتا ہے ویسے چھیڑ ہی نہیں بن گئی قیدی804کی”ذہنی مریض“۔

وزیر اطلاعات نے کہا خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اگر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے یہی رویہ اپنائے رکھا تو پھر گورنر راج لگانے کے علاہ کوئی اور چارہ نہیں۔

دریں اثنا اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہابسنت کی 2پروگرامز والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں ،تہوار صرف 6، 7 اور 8 فروری کو ہی ہوگا،طے کردہ تاریخوں کے علاوہ کسی بھی دن پتنگ بازی کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی،ڈور، پتنگ بنانے اور فروخت کرنے والے لائسنس کے تحت رجسٹر ہوں گے،ماضی میں غیر محفوظ ڈوروں نے خوبصورت تہوار کو خطرناک بنا کر انسانی جانوں کو نقصان پہنچایا،حکومت کسی کو گلے کاٹنے کی اجازت نہیں دے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا بسنت خوشی، رنگ و ثقافت کا تہوار،محفوظ، ذمہ دارانہ اور خوشگوار ماحول میں منانا ہے،محکمہ اطلاعات و ثقافت خصوصی ثقافتی پروگرام ترتیب دے گا،موسیقی، کھانا اور پتنگ بازی سمیت متنوع سرگرمیاں شامل ہوں گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی خواہش ہے صوبے کے تہوار، رنگ اور خوشیاں دوبارہ واپس لائی جائیں۔