پاک چین دوستی کبھی نہ ختم ہونےوالی ہے: اسحاق ڈار،عطاتارڑ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا موقع شایان شان طریقے سے منایا جائے،وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان چین تعلقات کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں تمام شعبوں میں پاک چین شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور مستقبل کے تعاون پر بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے تاریخی سنگ میل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کےلئے متعدد تجاویز بھی پیش کیں، اسحاق ڈار نے کہا پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا موقع شایان شان طریقے سے منایا جائے، پاک چین تعلقات خطے کے امن، ترقی اور اقتصادی شراکت داری کی بنیاد ہیں، اور اس اہم موقع کو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عوامی روابط کے فروغ کےلئے بھی موثر انداز میں منایا جائے گا،دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءتارڑ نے کہا ہے چین ، پاکستان کا دوستانہ تعلق اثاثہ، چین نے ثابت کیا دوست وہ جو مشکل میں کام آئے،اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا پاک چین دوستی بے مثال ہے، چین پاکستان کا دوسرا گھر اور پاکستان بھی چین کا دوسرا گھر ہے، پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے،پاکستان کو جب بھی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا چین نے ہمیشہ مدد کی، مشکل وقت میں چین جیسے دوست ساتھ ہوں تو کچھ مشکل نہیں ہوتا، ہم چین کی قیادت کے شکرگزار ہیں، عوامی رابطوں کی بدولت ہمارے ہاں چین کی ثقافت پروان چڑھ رہی ہے، پاک چین دوستی کبھی نہ ختم ہونے والی ہے، وقت نے ثابت کیا پاکستان اور چائنہ آئرن برادرز ہیں، عطاب تارڑنے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ پہلے 10 ممالک میں شامل ہے، کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، حالیہ سیلاب سے پنجاب بھی شدید متاثر ہوا۔