عافیہ امریکی شہری،نظام میں مداخلت نہیں کرسکتے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عافیہ صدیقی کی صحت ،وطن واپسی کیس میں وفاقی حکومت سے 20 جنوری تک مکمل بریفنگ طلب ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا عافیہ امریکی شہری ہیں ، سزا بھی وہیںہوئی، نظام میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

جسٹس ارباب طاہر کی سربراہی میں خادم سومرو ،اعظم خان ،انعام امین منہاس پر مشتمل لارجر بنچ نے فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے آپ نے اصل پٹیشن میں استدعا نہیں کی تھی، امریکہ کےساتھ مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ تو ہے،عمران شفیق ایڈووکیٹ نے کہا عدالت نے ڈائریکشنز دے رکھی ہیں، توہین عدالت کی درخواست بھی دائر ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا بہت سی باتیں و فارن پالیسی ایشوز ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا آرڈر فیلڈ میں ہے، کیا آپ نے چیلنج کیا ؟ ،عدالتی احکامات نہیں مانے اس لیے آپ کو توہین عدالت کے نوٹس ہوئے ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے تاہم درخواست تاحال مقرر نہیں ہوئی اب بھی دیکھنا ہوگا درخواست آئینی عدالت میں لگے یا سپریم کورٹ میں،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے اس طرح تو وکیل درخواست گزار کا مسئلہ طویل ہو جائےگا ،کب تک انتظار کریں گے؟ اے جی آفس کےلئے کیس مقرر کرانا کون سا مسئلہ ہے؟ عدالت نے استفسار کیا میڈیکل سہولیات کا معاملہ آپ نے امریکی حکام سے اٹھایا تو انہوں نے جواب دیا؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا امریکی جیل میں میڈیکل سہولیات دستیاب ہیں، آپ کی مرضی کے ڈاکٹر کو اجازت نہیں ملے گی،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے پٹیشن کو طے کرنا چاہتے ہیں، 4ججز کے پاس اتنا وقت نہیں روز روز بیٹھیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاویزا پراسیس سمیت دیگر سہولیات مہیا کیں، وفاقی حکومت کی حد تک جو استدعا کی گئی اس پر عمل کیا، کسی اور ریاست کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کر سکتے، عافیہ امریکی شہری ہیں ، سزا بھی وہیںہوئی، نظام میں مداخلت نہیں کرسکتے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی وفاقی حکومت کو کچھ نہ کچھ تو کرنا ہوگا، آپ بریفنگ جمع کرائیں۔