اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پی آئی اے کی بڈنگ 23 دسمبر کو ہوگی،نجکاری میں شفافیت ،میرٹ ترجیح ، بڈنگ کا عمل ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائےگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ائیر لائن کی نجکاری میں حصہ لینے والے تمام بڈرز، کارباوری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
شہبازشریف نے کہا پی آئی اے کا کھویا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نجکاری کا عمل جاری ہے،پی آئی اے جلد دوبارہ ”گریٹ پیپل ٹو فلائی ود“ کی روایات پر پورا اترے گی،نجکاری کے بعد ذمہ داری سنبھالنے والا ادارے کی ترقی کیلئے کام کرےگا،وزیراعظم نے کہانجکاری کے عمل میں شفافیت و میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے،پی آئی اے کی دنیا بھر میں پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت ہوگی،پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے بھی قومی ایئر لائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ملاقات میں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بڈنگ میں شرکت کرنے والے تمام بڈرز نے شرکت کی، شرکا نے حکومت کی جانب سے نجکاری کے عمل میں پیشہ ورانہ اور شفاف طریقہ کار کو سراہا۔
دریں اثنا کسٹم ڈیوٹی وتجارتی شعبے میں دیگر اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاحکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی انقلابی قدم،مقامی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کےلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ، ملکی صنعتی پیداوار ،تجارت میں اضافے کےلئے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز و مسائل کی نشاندہی نا گزیر ہے،دہائیوں سے معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کےلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو ریسرچ و ٹریننگ پر استعمال نہیں کیا گیا، ملکی برآمدات ،درآمدات کے شعبے میں ماہرین کی طرف سے سفارشات ،اصلاحاتی تجاویز حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق ہونی چاہیے۔
شہبازشریف نے کہا مقامی صنعت و تجارت ،مقامی آبادی کےلئے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کےلئے موثر اقدامات اٹھانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، دوسرے ممالک کےساتھ دو طرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے، حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو مثبت انداز میں سہولت پہنچانے کےلئے نافذ کی گئی تاکہ برآمدات ،درآمدات کو ملکی مجموعی معاشی ترقی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے قدرتی آفت سیلاب ،تودے گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا انڈونیشیا کے ساتھ بحالی و تعمیر نو کے کام میں معاونت کرنے کےلئے تیار ، پاکستان ،انڈونیشیا موسمیاتی تبدیلی سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔
شہبازشریف نے انڈونیشیا کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی طرف سے ہر ممکن امداد و معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاآئندہ ہفتے انڈونیشین صدر کے دورہ پاکستان کامنتظر ہیں،دورہ ممکنہ طور دونوں ممالک کے رہنماوں کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں ، دوطرفہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرےگا۔
پی آئی اے کی23دسمبر کو نجکاری،بڈنگ کا عمل براہ راست نشر کیا جائےگا، شہباز

















