کاروبار ،مضبوط معیشت سے ہی ٹیکس آمدن بڑھے گی،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار قابل احترام ہیں، مختلف ورکنگ گروپس کی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،کاروبار اور مضبوط معیشت ہی سے ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔

معاشی اصلاحات کیلئے نجی شعبے کے ماہرین و کاروباری شخصیات پر مشتمل ٹیکس شعبے کی اصلاحات پرقائم ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاحکومت ٹیکس دینے والے کاروباری حضرات اور کمپنیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،طویل مدتی اقدامات کے ذریعے ملک میں کاروبار کو بہتر اور مسابقتی بنانا چاہتے ہیں،حکومت روز اول سے برآمدات میں اضافے پر مبنی معاشی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا نجی شعبے کے ماہرین کی جانب سے جامع تجاویز پیش کی گئیں جن پر مشکور ہوں، تجاویز پر غور کے بعد قابل عمل بنانے کیلئے وزیر خزانہ کی صدارت میں کمیٹی قائم کر رہا ہوں، کمیٹی عملی اقدامات پر مبنی لائحہ عمل پیش کرےگی، اجلاس کو کارپوریٹ شعبے سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکسوں کی شرح اور تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔

دریں اثنا شہباز شریف نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کےلئے نا گزیر ہے،خصوصی افراد کی بھرپور شمولیت ہی معاشرتی نظام کی افادیت اور موثر کارکردگی کا امتحان ہے،کسی بھی امتیازی سلوک سے پاک اور سماجی عدم مساوات سے قطع نظر تمام شہریوں کی صحت اور عزت و وقار کے تحفظ کےلئے عزم غیر متزلزل ہونا چاہیے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر یو اے ای کی قیادت ،عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاپاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی تاریخی اور دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی احترام، مشترکہ مفاداور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات پر مبنی ہے،یو اے ای میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک قابل فخرپل کا کردار ادا کر رہی ہے اورمتحدہ عرب امارات کی ترقی و کامیابی کےلئے سرگرم ہے۔

شہباز شریف نے کہا شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت میں متحدہ عرب امارات نے ترقی، جدیدیت اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائےگا اور دوطرفہ شراکت داری کو دونوں ممالک کے روشن اورخوشحال مستقبل کےلئے فروغ دیا جائےگا۔