لاہور (نعیم جاوید) وفاقی بورڈ آف ریونیو نے رواں برس ٹیکس ریٹرنز اور محصولات کے حوالے سے اہم پیشرفت کی ہے جس سے ملک میں ٹیکس نیٹ کے بتدریج بڑھنے اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافے کا رجحان واضح ہو رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں 31 اکتوبر تک مجموعی طور پر 59 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس ریٹرنز جمع ہو چکے ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق یہ اضافہ خود کار نظام، ڈیجیٹل فائلنگ کی آسانی، اور سخت مانیٹرنگ اقدامات کا نتیجہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 59 لاکھ ریٹرنز میں سے تقریباً 36 لاکھ ریٹرنز ایسے ہیں جن کے ساتھ باقاعدہ ٹیکس کی ادائیگی بھی شامل ہے۔ ٹیکس فائلرز کی جانب سے جمع ہونے والی مجموعی رقم اس سال 69 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جو 2024 کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد زیادہ ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ معاشی سرگرمیوں میں بہتری، دستاویزی معیشت کے فروغ اور عوامی سطح پر بیداری مہمات کا ثمر ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ریٹرنز کی تعداد میں اضافہ ایک مثبت پیش رفت ہے، مگر اب بھی ملک میں ٹیکس نیٹ کی توسیع کی گنجائش بہت زیادہ ہے۔ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے، جس کی بڑی وجہ غیر رجسٹرڈ معیشت، کمزور ٹریکنگ سسٹم اور بڑے شعبوں میں ٹیکس چوری ہے۔ اسی تناظر میں ایف بی آر نے حالیہ مہینوں میں مختلف شعبوں میں انٹیلی جنس بیسڈ چھاپے، ڈیٹا انٹی گریشن اور بینکنگ ٹرانزیکشنز کی نگرانی جیسے اقدامات کو مزید سخت کیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بڑے شہروں میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے آگاہی مہمات بھی جاری ہیں، جن میں تنخواہ دار طبقے، چھوٹے کاروبار اور کارپوریٹ سیکٹر کو ریٹرنز فائل کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ ٹیکس نظام کو مزید سادہ بنانے، ای فائلنگ کو آسان بنانے اور ریفنڈز کے عمل کو تیز کرنے کے نتیجے میں مزید شہری ٹیکس نیٹ میں شامل ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ مالی سال کے اختتام تک ریٹرنز کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر جائے جبکہ ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو ملک میں ٹیکس بیس نہ صرف بڑھے گا بلکہ محصولات کے بحران میں بھی واضح کمی آئے گی، جو معاشی استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ مجموعی طور پر اعدادوشمار ملک میں بڑھتے ہوئے ٹیکس کلچر اور ایف بی آر کی اصلاحاتی کوششوں کی کامیابی کی عکاسی کرتے ہیں۔
عوام کے اعتماد میں اضافہ، رواں سال 59 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس ریٹرنز جمع
















