عدالتیں مضبوط ہوتیں تو یہ سب نہ ہورہا ہوتا،جسٹس محسن اختر کیانی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے صورتحال تو ایسی ہے تالے لگا دیں، عدالتیں مضبوط ہوتیں تو یہ سب نہ ہورہا ہوتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاہور ،بہاولپور سے کمسن بچیوں ،والدہ کے اغوا، سابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول کے شہری وقاص احمد، سہیل علیم کےساتھ لین دین تنازع کیس پرسماعت ہوئی،مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

عدالت نے استفسار کیا ڈی آئی جی انوسٹی گیشن آکر بتائیں کیا لاہور پولیس کا بیان قلمبند کیا گیا، ڈی آئی جی بتائیں جنہوں نے خاتون کے گھر لاہور چھاپہ مارا کیا ان کا بیان قلمبند کیا گیا،کیا پاس سرچ وارنٹ موجود تھے جنہوں نے خاتون ،بچیوں کو گھر سے اٹھایا، وکیل لطیف کھوسہ نے مشرف رسول کی چیف جسٹس کےساتھ میٹنگ میں موجودگی کی تصویر عدالت کو دکھا دی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا واقعہ کی سچائی میں جانا چاہتے ہیں ،خاتون ،بچیوں کی تذلیل ہوئی اگر بغیر سرچ وارنٹ کے کسی کو اٹھایا تو اغوا سمجھا جائے گا، پولیس کچھ کر نہیں سکتی ، ایف آئی اے انوسٹی گیشن کرنا نہیں چاہتی۔

مشرف رسول کے وکیل شہریار طارق نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے مو¿قف اپنایا سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن اب وفاقی آئینی عدالت میں بھی درخواست دےدی،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا مطلب معاملہ آئینی عدالت، سپریم کورٹ، پولیس، ایف آئی اے ،مجسٹریٹ کے پاس التوا میں ہے، وکیل شہریار طارق نے مو¿قف اپنایا جی بالکل ایسا ہی آئینی عدالت میں ابھی کیس مقرر نہیں ہوا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے معاملہ اتنی جگہ التوا میں ہے اور کوئی انوسٹی گیشن نہیں ہورہی تو پھر انجوائے کریں، آپ کہنا چاہتے ہیں پہلے 27 ویں آئینی ترمیم پر بحث کرینگے پھر دائرہ اختیار فائنل ہوگا، وکیل لطیف کھوسہ نے کہا اگر ہائیکورٹ ہاتھ باندھے تو معذرت ہی ہے پھر تالے لگا دیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا صورتحال تو ویسے اس وقت ایسی ہی ہے اگر عدالتیں مضبوط ہوتیں تویہ سب کچھ نہ ہو رہا ہوتا، لاہور سے خاتون ،3سالہ بچیوں کو اغوا کیا گیا،عورت ،بچیوں کے اغوا پر قانون کی بے بسی پر شرم آتی ہے، سب دیکھ رہے ہیں اور کچھ کر نہیں سکتے،3سال کی بچی کو 6دن ماں سے دور رکھا گیا ،انتہائی شرمناک حرکت تھی،ساری عدالتیں اگر کچھ نہیں کر سکتیں تو پھر کس لیے بیٹھے ہیں، کیس میں چوری کا مقدمہ خارج نہیں ہوسکتا ، ٹوٹل 5ایف آئی آرز ہیں۔

دریں اثنا جامعات میں بی پی ایس اساتذہ پروموشن کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کے 15 روز میں پروموشن پالیسی کا اجلاس بلاکر رپورٹ پیش کریں،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ہم لوگ 80 کی دہائی کی نسل سے ہیں جنہوں نے ڈکٹیٹر شپ کے دوران آنکھ کھولی ایسے اساتذہ بھی ہیں جن کو 17،18سال مستقل نہیں کیا گیا،اساتذہ خود مایوس ہوں گے تو طلبہ پر بھی اثر پڑےگا، اساتذہ ،طلبہ نے بھی ملک کا دفاع کرنا ہے ابھی بات سمجھ نہیں آئےگی جب مشکل وقت آئے گا تب معلوم ہوگا۔

جج ہائیکورٹ نے کہا یونیورسٹی کے طلبہ نے ہی آگے جاکر کمانڈ کرنی ہے، ملکی دفاع کا بہترین نمونہ حال ہی میں دیکھا گیا ، اساتذہ کو اچھی جگہ پر ہونا چاہیے ابھی تو ججز بھی نہیں رہے ، صرف اساتذہ ہی ہیں،عدالت نے سیکرٹری خزانہ و ایچ ای سی کو ہدایات کےساتھ سماعت جنوری تک ملتوی کردی۔