پاکستان میں خطے کی سب سے بڑی خلائی سائنس کانفرنس کا افتتاح


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)خطے کی سب سے بڑی خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کانفرنس کا افتتاح،پاکستان نے اہم سنگ میل عبورکر لیا۔

کانفرنس انسٹی ٹیوٹ آف سپیس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں ہوئی،اہتمام سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور آئی ایس ٹی نے کیا،بین الاسلامی نیٹ ورک برائے خلائی سائنس و ٹیکنالوجی، ایشیا پیسیفک سپیس کوآپریشن آرگنائزیشن، اسلامی تعلیمی سائنسی و ثقافتی تنظیم، الیکٹرانکس انجینئرز کے ادارے اور نیشنل سینٹر آف جغرافیائی معلومات و خلائی اطلاقات نے معاونت فراہم کی،کانفرنس میں خلابازوں، سائنسدانوں، پالیسی سازوں، تعلیمی رہنماوں اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

چیئرمین سپارکویوسف خان نے تقریب کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا پاکستان کا مقصد پائیدار ترقی کےلئے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وائس چانسلر آئی ایس ٹی ڈاکٹر سید نجیب احمد نے کہا کانفرنس پاکستان میں خلائی تعلیم، تحقیق اور صلاحیت سازی کو عالمی سائنسی ترقی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی،ہائر ایجوکیشن کمیشن کی قائم مقام چیئرپرسن، ایشیا پیسیفک خلائی تعاون تنظیم کے سیکرٹر ی جنرل اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے بیرونی خلا کے ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا اور خلائی سائنس تک مساوی رسائی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔