لاہور،اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)عدلیہ سے ایک اور استعفیٰ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود نے بھی عہدہ چھوڑ دیا،جسٹس شمس محمود مرزا نے استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا اور چیمبر خالی کر کے بغیر پروٹوکول گھر چلے گئے۔
واضح رہے جسٹس شمس محمود مرزا نے 22مارچ 2014 کو لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا ، 2028 میں ریٹائر ہونا تھا،جسٹس شمس محمود مرزا سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ضیا محمود مرزا کے صاحبزادے ہیں۔
ادھر وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس کے کے آغا نے عہدے کا حلف اٹھا لیا،حلف برداری تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی،جسٹس امین الدین خان نے جسٹس کے کے آغا سے حلف لیا، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر ،عامر فاروق، حسن اظہر رضوی ،علی باقر نجفی ودیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت فعال کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ متحرک ہوگئی،ہائیکورٹ تھرڈ فلور پر 4 عدالتیں تیاری کے مراحل میں ہیں، ایڈووکیٹ ،اٹارنی جنرل آفس خالی کرا لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کی 2 عدالتیں سیکنڈ فلور پر قائم ،جسٹس محسن اختر کیانی ،میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالتیں منتقل ہوں گی،کورٹ ون میں چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان بیٹھیں گے ،کورٹ ٹو میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر کی عدالت منتقل ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کےخلاف درخواست دائر کر دی گئی،منیر احمد ،میاں شبیر اسماعیل سمیت وکلا کی جانب سے ترامیم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا ترامیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہیں، سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت کو اوپر بٹھا دیا گیا،سپریم کورٹ کی حیثیت کمزور ، عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
ایک اور استعفیٰ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود نے بھی عہدہ چھوڑ دیا
















