دہشتگرد گروہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے،افغان تجارت بند رہے گی،پاکستان

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے واضح کردیاکسی عسکریت پسند گروہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے،دہشتگردوں کے خاتمے تک افغانستان سے تجارت بند رہے گی،طالبان رجیم کی باتیں کھوکھلے دعووں کے علاوہ کچھ نہیں،پاکستان میں سرگرم دہشتگرد افغان گروپوں پر مشتمل ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا طالبان رجیم کےساتھ مذاکرات 7 نومبر کو استنبول میں مکمل ہوئے، معاملے میں دوست ممالک کی کاشوں کو سراہتے ہیں، افغان طالبان حکومت آنے کے بعد پاکستان میں دہشتگردی بڑھی ،جانی نقصان کے باوجود کوئی ردعمل نہیں دیا ،تحمل کا مظاہرہ کیا ،دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنےوالوں کےلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہونا چاہیے، پاکستان توقع کرتا رہا طالبان دہشتگردی پر قابو پالیں گے مگر دعوے اور وعدے صرف زبانی کلامی حد تک محدود رہے۔

طاہر انداربی نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی ،بی ایل اے پاکستان کے دشمن ہیں ،پاکستان کسی صورت مذاکرات نہیں کرے گا، افغان طالبان پاکستان مخالف تنظیموں کو معاونت فراہم کررہے ہیں، پاکستان میں پشتون نیشنلزم کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی، طالبان نے دہشتگردی کو پاکستان کا مسئلہ قرار دیا، افغانستان کے اندر سے لوگوں نے پاکستان کےخلاف دہشت گردی کو جائز قرار دینے کے فتوے دئیے،افغانستان سے زیادہ پشتون پاکستان میں آباد ہیں، کابل میں کسی حکومت سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن پاکستان کسی دہشتگرد تنظیم کےساتھ مذاکرات نہیں کرےگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تجارت پر افغان رہنماوں کے بیانات دیکھے ، تجارت کیسے اور کس سے کرنی ؟ کسی بھی ملک کا انفرادی معاملہ ہے، افغانستان سے تجارت یا ٹرانزٹ ٹریڈ دہشتگردوں پناہ گاہوں کے مکمل خاتمے کے بعد ہی ممکن ہے، تجارت انسانی جانوں کے ضیاع سے زیادہ اہم نہیں ،وانا ،اسلام آباد حملوں میں افغان دہشتگردوں کے ملوث ہونے کی ذمہ داری طالبان حکومت پر عائد ہوتی ہے اپنے شہریوں کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدامات کرنے ہیں، افغان رجیم اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، امید ہے طالبان اپنے ہاں موجود کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف کارروائی کریں گے، پاکستان تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا پاکستان نے ایٹمی تجربات پر بھارت کا دعویٰ مسترد کردیا، صدر ٹرمپ کے ایٹمی تجربات کے بیان پر بھارتی پروپیگنڈا غلط ،بے بنیاد ہے، پاکستان نے 28 مئی 1999 کو آخری مرتبہ ایٹمی تجربہ کیا ، بھارت کا ایٹمی سیفٹی ،سکیورٹی پر ریکارڈ اچھا نہیں ،بھابھا نیوکلیئرری ایکٹر سے چوری شدہ کیلیفورنیم بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو تا رہا،عالمی اداروں کو معاملہ دیکھنا چاہیے،سردار یاسر الیاس کی اسرائیلی وزیر سیاحت سے ملاقات پر معلومات نہیں اگر ملاقات ہوئی بھی ہے تو باقاعدہ اجازت یا حکومتی محرک کے بغیر ہوئی ، بھارتی قیادت اپنے بڑھتے اندرونی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کےلئے دہشتگردی کا استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا اردن کے بادشاہ کا دورہ پاکستان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے،تعلقات کی سٹریٹجک سمت مزید مضبوط ہوگی،یقین ہے فلسطین پر بھی بات چیت کی جائے گی، فلسطین میں بین الاقوامی استحکام فورس میں پاکستان کی شمولیت کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، سلامتی کونسل فیصلے کے بعد فیصلہ کریں گے۔