جسٹس محسن اختر کیانی کے 27ویں ترمیم پردلچسپ ریمارکس


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران 27ویں ترمیم پردلچسپ ریمارکس دئیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا27ویں ترمیم ہو رہی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل بھی اپنے اختیارات میں اضافہ کروا لیتی، اسلامی نظریاتی کونسل تجاویز بھجوا دیتی، اختیارات بڑھ جاتے،کیس کا فیصلہ اسی ماہ کر سکتے ہیں، ترمیم کے بعد تو شاید اختیار بھی نہ رہے،عدالت نے نمائندہ نظریاتی کونسل سے استفسار کیا کیا اسلامی نظریاتی کونسل ایڈوائزری باڈی ہے؟ رائے دینے کےلئے کس نے آپ کو اپروچ کیا؟اگر ہم کچھ کریں گے تو ملک میں نیا ٹرینڈ شروع ہو جائے گا، پارلیمان کے پاس طاقت ہے اور وہ خودمختار ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کیا نظریاتی کونسل مقننہ، صدر یا صوبے کے گورنر کے علاوہ کس کو رائے دے سکتی ہے؟ کونسل حکام نے جواب دیا اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے ہی جواب دینا ہے وہ تعینات ہوں گے تو دیں گے، نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی تعیناتی ابھی نہیں ہوئی، وقت دیا جائے،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کیا نئی تعیناتی کی سفارش بھیج دی گئی؟، کونسل حکام نے کہا جی سفارش گئی ہوئی ، امید ہے جلد تعیناتی ہو جائے گی،عدالت عالیہ نے اسلامی نظریاتی کونسل کو دائرہ اختیار پر مطمئن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔