قومی اسمبلی سے بھی 27 ویں ترمیم2تہائی اکثریت سے منظور ،اضافی ترامیم شامل، بل سینٹ کو واپس

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی نے بھی 27 ویں ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی، مزید ترامیم شامل، اپوزیشن کابائیکاٹ،جے یوآئی نے مخالفت میں ووٹ دیا، بل دوبارہ سینٹ کو بھجوایا جائےگا۔

سینٹ سے منظور بل اضافی ترامیم کےساتھ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اضافی ترامیم پیش کیں، قومی اسمبلی نے دوتہائی اکثریت سے تمام 59 ترامیم کی شق وار منظوری دےدی، 27 ویں ترمیم کے حق میں 234،4 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

بل کے حامی، مخالف اراکین کےلئے الگ الگ لابیز مختص کی گئیں، ڈویژن آف ہاوس کے تحت ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد اراکین ایوان میں واپس آئے، اپوزیشن نے شدید احتجاج اور سپیکر ڈائس کاگھیر اﺅ کرکے دھرنا دیا، شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیںاور ایوان سے واک آوٹ کردیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا چیف جسٹس آف پاکستان کی پوزیشن بحال ہے، تمام جماعتوں نے ترمیم کی حمایت کردی، مشترکہ کمیٹی میں مکمل مشاورت کی گئی، جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس پاکستان رہیں گے، قانون، آئین میں ترمیم ارتقائی عمل ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، صدر ن لیگ نوازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے، پارلیمنٹ ہاوس پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزرا نے نوازشریف کا استقبال کیا، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشیدشاہ کو وہیل چیئر پر ایوان میں لایاگیا، خورشید شاہ علالت کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج تھے، سابق وزیراعظم نوازشریف پی پی رہنما خورشید شاہ کو نشست پر جا کر ملے اور خیریت دریافت کی۔

آرٹیکل 6 کی شق 2 اے میں ترمیم کرکے عدالت عظمیٰ ،عدالت عالیہ کیساتھ وفاقی آئینی عدالت شامل، آرٹیکل 10سمیت دیگر 5آئینی ترامیم میں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کو شامل کیا گیا، ترمیم کے تحت چیف جسٹس آئینی عدالت، چیف جسٹس سپریم کورٹ میں سے سینئرچیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے، وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائیگا ،چیف جسٹس آئینی عدالت کا تقرر 3سال کیلئے کریں گے، ججز کی ریٹائرمنٹ حد 68 سال ہوگی۔

آرٹیکل 175 اے میں ترمیم کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کردی گئی، وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کمیشن کے رکن ہوں گے، دونوں عدالتوں کے ایک ایک سینئر ترین جج بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے ، چیف جسٹس کی مشترکہ نامزدگی پر اضافی جج 2سال کےلئے کمیشن کا رکن ہوگا، اتفاق نہ ہونے کی صورت میں تقرری کا فیصلہ کثرت رائے سے کیا جائیگا، ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی سربراہی وفاقی آئینی عدالت یا سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میں سے سینئر جج کے پاس ہوگی۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نامزد کردہ خاتون، غیر مسلم یا ٹیکنوکریٹ ممبر کےلئے 2سال کی شرط ختم کردی گئی، آرٹیکل 184 کو حذف کر کے سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس (سوموٹو) اختیار ختم، آرٹیکل 200 میں ترمیم کے ذریعے ہائیکورٹ ججز کے تبادلے کا نیا طریقہ کار متعارف کرادیا گیا، ترمیم کے تحت ججز کے تبادلے صدر مملکت جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر کریں گے۔ دونوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کمیشن کے رکن ہوں گے،وفاقی آئینی عدالت میں تقرری پر انکار کرنے والے ججز کو ریٹائرڈ تصور، ریفرنس بھی دائر کیا جائیگا۔

آئین میں کی گئی ترمیم پر کسی بھی عدالت کو کسی بنیاد پر ترمیم سے سوال اٹھانے کا اختیار نہیں ہوگا، وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کا تقرر صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر کریں گے، چاروں صوبوں سے مساوی نمائندگی اصول کے تحت ججز تعینات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے کم از کم ایک جج آئینی عدالت میں شامل ہوگا، ترمیم کے تحت چیف آف آرمی سٹاف کے عہدے کا نام تبدیل کرکے“ کمانڈر آف ڈیفنس فورسز” رکھ دیا گیا، صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر ایئر چیف اور نیول چیف کی طرح کمانڈر آف ڈیفنس فورسز کا تقرر کریں گے، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 سے ختم تصور کیا جائیگا۔

وزیراعظم، آرمی چیف کی سفارش پر کمانڈر نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ کا تقرر کریں گے، وفاقی حکومت کسی فوجی افسر کو فیلڈ مارشل، ایئر مارشل یا ایڈمرل چیف کے رینک پر ترقی دے سکتی ہے، افسروں کو عہدے کے مطابق یونیفارم، مراعات اور حیثیت تاحیات حاصل رہے گی،فیلڈ مارشل، مارشل آف ائرفورس، ایڈمرل آف فلیٹ کو بطور قومی ہیرو تصور کیا جائیگا، آرٹیکل 47 کے تحت مقررہ طریقہ کار کے بغیر ہٹایا نہیں جا سکے گا، وفاقی حکومت اعلیٰ عہدوں پر فائز افسروں کی ذمہ داریاں، امور کا تعین خود کریگی، فیلڈ مارشل کو آرٹیکل 248 کے تحت قانونی استثنیٰ حاصل ہوگا۔