اسلام آباد، کچہری کے باہر خودکش دھماکہ، 12 افراد شہید، متعدد زخمی


اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)بھارتی حمایت یافتہ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج کا اسلام آباد کچہری کے باہر خود کش دھماکہ ،12 افراد شہید ،متعدد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سخت سکیورٹی کی وجہ سے بمبار کچہری میں داخل نہیں ہوسکا، جی الیون کچہری کے مرکزی گیٹ کے قریب اسلام آباد پولیس کے پٹرولنگ سکواڈ کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا،دھماکے کے وقت وکلا،مقدمات کی پیروی کےلئے آئے لوگوں کی آمدروفت جاری تھی،پولیس نے کہاموٹر سائیکل پر سوار حملہ آور گاڑی کے قریب پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا یا، کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی،بمبار کے اعضا اڑ کر کچہری کے اندر جا گرے۔

پولیس سمیت 3گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ،ماہرین نے شواہد اکٹھے کرلئے،زخمیوں میں وکلا ،سائلین بھی شامل ہیں، پمزہسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،متعدد کی حالت نازک ہونے کے باعث شہادتوں میں اضافے کاخدشہ ہے،سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر ے لیکر میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دریں اثنا وزیرداخلہ محسن نقوی فوری اسلام آباد کچہری پہنچے،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بمبار کچہری کے اندر جانے کا پلان کر رہا تھا، موقع نہ ملنے پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا، حملہ آور افغانستان میں ہینڈلر سے رابطے میں تھے، اپنے ملک ،سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑا ہونا ہے،شواہد دے دئیے افغانستان میں لوگوں کی ٹریننگ ہو رہی ہے، دہشتگردوں کو نہ روکا گیا تو بندوبست کریں گے۔

محسن نقوی نے کہاحملے میں بہت سی چیزیں لنک ہیں، جلد شواہد سامنے لائیں گے،حملے کے بہت سے میسجز ہیں، 2 ہفتے بعد کوئی بھی گاڑی ٹیگ کے بغیر اسلام آباد داخل نہیں ہوگی، پہلی ترجیح میں خودکش حملہ آور کی شناخت کریں گے،ملوث کرداروں کو بھی سامنے لایا جائےگا،افغانستان کے شر پسند عناصر کا بندوبست کرنا ہوگا،اندازہ ہے افغانستان کیا کررہا مگر سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

ادھر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا دھماکے کے ذمہ داروں ،ناقص سکیورٹی کے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے،شہید و زخمی ہونےوالوں کے غم میں برابر شریک ہیں، بدھ کومکمل ہڑتال، عدالتی بائیکاٹ کیا جائےگا۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ودیگر نے دہشتگردحملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا بزدلانہ کارروائیاں عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،ناسور کے مکمل خاتمے ،فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک جنگ جاری رکھیں گے۔

صدر آصف زرداری نے کہا دہشتگرد عناصر امن و استحکام کے دشمن ہیں،وطن عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جانا ضروری ہے،شہبازشریف نے کہابھارتی دہشتگرد پراکسیوں کی جانب سے نہتے شہریوں پر حملے قابل مذمت ہیں،ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے،افغانستان سے کارروائی کرتے بھارتی ایما پر سرگرم فتنہ الخوارج نے وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا،نہتے و معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا بھارت کو خطے میں پراکسیوں کے ذریعے دہشتگردی پھیلانے کے مکروہ فعل سے باز رہنا چاہیے،وقت آگیا ہے دنیا مذموم بھارتی سازشوں کی مذمت کرے،بھارت کا خطے میں امن تباہ کرنے کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکا، دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں۔