مشترکہ کمیٹی میں 27ویں ترمیم منظور،وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے استثنیٰ تجویزواپس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)شہبازشریف کے حکم پر وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے استثنیٰ ترمیم واپس،مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے مجوزہ آئینی ترمیم کا پورا ڈرافٹ منظور کرتے ہوئے شق وار 49 ترامیم کی منظوری دےدی۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا آذربائیجان سے واپسی پر مجھے بتایا گیا پارٹی کے چند سینیٹرز کی جانب سے وزیراعظم کیلئے استثنیٰ ترمیم پیش کی گئی،نیک ارادے کا احترام کرتا ہوں،ترمیمی شق کابینہ سے منظورشدہ مسودے میں شامل نہیں تھی ۔

وزیراعظم نے شق واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منتخب وزیراعظم یقیناً قانون ،عوام کی عدالت میں جوابدہ ہے، بعدازاںسینیٹر انوشہ رحمن نے وزیر اعظم کی ہدایت پر مجوزہ استثنیٰ کی تجویز واپس لے لی ،چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے ترمیم واپس لینے کو سراہا۔

دریں اثنا سینٹ و قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس فاروق ایچ نائیک ، محمود بشیر ورک کی سربراہی میں ہوا،پی ٹی آئی، جے یو آئی، پی کے میپ اور ایم ڈبلیو ایم کے اراکین نے شرکت نہیں کی،کمیٹی اراکین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کو اہم اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے تھی،قائد حزب اختلاف کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے، اپوزیشن جماعتیں جان بوجھ کر سارے عمل سے دور رہ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے مجوزہ آئینی ترمیم کا پورا ڈرافٹ منظور کرلیا،اجلاس میںآرٹیکل243،آئینی عدالت کاقیام، صدر مملکت کیلئے تاحیات استثنیٰ سمیت شق وار تمام 49 ترامیم کی منظوری دی گئی،ایک سال تک مقدمے کی پیروی نہ ہونے پر نمٹا ہوا تصورکیا جائے گا،حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے مزید 3ترامیم پیش کی گئیں،خیبرپختونخوا کا نام تبدیل ،بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کی ترمیم پرحکومت نے مزید وقت مانگ لیا،دونوں ترامیم پر مزید غورکے بعد حتمی فیصلہ کیا جائےگا،مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے منظوری کے بعد 27ویں ترمیم پیر کو سینٹ میں پیش کیے جانے کاامکان ہے ، ممکنہ طور پر کثرت رائے سے منظور ہوجائے گی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا 27ویں ترمیم میں شامل شقوں پر تقریباً تمام کام مکمل ہوگیا ،اے این پی ،بی اے پی کی تجاویز پر اپنی اپنی قیادت سے بات ہوگی،رپورٹ تیار ہونے کے بعد ہاوس کا اختیار ہے کب ووٹنگ کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاسب نے متفقہ طور پر ترامیم پر اپنی رائے دی ،بہت خوش آئند ہے243 سمیت سب چیزیں شامل ہیں،سینٹ میں رپورٹ آئے گی تو پتہ لگ جائے گا۔