ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنے کیلئے ای بز پورٹل کا آغاز ہو گیا ہے جس کے ذریعے لائسنسنگ حاصل کرنا بہت آسان ہو گیا ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں ابھی تک 456 درخواستیں جمع ہو چکی ہیں جن میں سے 329 درخواستیں منظور بھی کی جا چکی ہیں تاکہ درخواست دہندہ فوری کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ای بز پورٹل کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا اور ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ لینڈ کنورژن، پیٹرول پمپس کے لائسنس اور کمرشل بلڈنگ کنسٹرکشن کی منظوری کے کیسوں کو ترجیح بنیادوں پر منظور کریں۔ انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے لائسنس دینے کے طریقہ کار کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز آفسز میں عوام کی رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خوبصورت پنجاب وژن کے تحت ساہیوال ڈویژن کے تمام بڑے شہروں اور قصبات کو خوبصورت بنانے کیلئے جامع منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے جسے مارچ 2026ءتک مکمل کر لیا جائیگا۔ اس منصوبے کے تحت ڈویژن بھر میں 25 ترقیاتی سکیمیں تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں جن میں 11 ضلع اوکاڑہ، 9 ضلع ساہیوال اور 4 ضلع پاکپتن میں ہیں۔ ان منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا اور ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی ٹائم لائن مقرر کی جائے اور ان پر سختی سے عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم منصوبوں کی جلد تکمیل سے شہروں کی آ¶ٹ لک میں نمایاں بہتری آئیگی اسلئے ڈپٹی کمشنرز ان پر کام کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے عوام دوست منصوبے اوول سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اوول سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے سے شہریوں کیلئے تفریح، کھیلوں اور صحتمند سرگرمیوں کے زیادہ مواقع ملیں گے۔
کاروبار میں آسانی کیلئے ای بز پورٹل کا آغاز کردیا: کمشنر ساہیوال
















