آئینی ترمیم: سینٹ، قومی اسمبلی کی قانون و انصاف کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب

اسلام آباد (مشرق نیوز) سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کا 27 ویں ترمیم کیلئے مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا مشترکہ اجلاس اڑھائی بجے پارلیمنٹ ہاوس میں شروع ہو گا جس میں 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جائیگی۔

اجلاس کی صدارت قومی اسمبلی اور سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین مشترکہ طور پر کرینگے، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین محمود بشیر ورک ہیں جبکہ سینیٹ قائمہ کمیٹی کے سربراہ فاروق ایچ نائیک ہیں۔ سینیٹ کے اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، مشترکہ کمیٹی میں ارکان کے علاوہ اپوزیشن کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

واضح رہے کہ آئین میں ترمیم کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے علیحدہ علیحدہ دو تہائی ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے اور اس وقت آئینی ترمیم کیلئے سینیٹ سے 64 اور قومی اسمبلی سے 224 ارکان کے ووٹ درکار ہوں گے۔

سینیٹ پارٹی پوزیشن کے مطابق حکومتی بنچوں پر اسوقت پیپلزپارٹی 26 سینٹرز کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے جبکہ حکومتی بنچوں پر مسلم لیگ (ن) کے 20، بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ارکان ہیں، حکومتی بینچز پر ایم کیو ایم پاکستان کے 3، نیشنل پارٹی کا ایک اور مسلم لیگ (ق) کا بھی ایک سینیٹر ہے۔ اسکے علاوہ حکومتی بینچز پر 3 آزاد سینیٹرز ہیں جن میں سینیٹر عبدالکریم، سینیٹر عبدالقادر اور محسن نقوی ہیں۔

تین سینیٹرز انوار الحق کاکڑ، اسد قاسم اور سینیٹر فیصل واوڈا نہ حکومتی اور نہ ہی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھتے ہیں۔ یہ تنیوں سینیٹرز حکومت کو ووٹ دیتے ہیں، اس طرح سینیٹ میں حکومت کو 61 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اپوزیشن بنچوں پر ایک آزاد سینیٹر نسیمہ احسان بھی ہیں جنہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کو ووٹ دیا تھا جبکہ اپوزیشن بنچوں پر اے این پی کے 3 سینٹرز ہیں جنہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کو ووٹ دیا تھا۔ اس طرح سے حکومت کو 65 سینیٹرز کے ووٹ حاصل ہو سکتے ہیں۔

سینیٹ میں اپوزیشن بنچوں پر پی ٹی آئی کے 14 ارکان ہیں، اپوزیشن بنچوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 6 آزاد ارکان ہیں، ایک نو منتخب سینیٹر جلد حلف اٹھالیں گے تاہم پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایک آزاد رکن مراد سعید نے ابھی تک حلف اٹھانا ہے۔ اپوزیشن بنچوں پر جمعیت علماءاسلام پاکستان کے 7، مجلس وحدت مسلمین کا ایک اور سنی اتحاد کونسل کا ایک رکن موجود ہے، اس طرح اپوزیشن بنچوں پر 30 ارکان موجود ہیں جو ممکنہ طور پر آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے۔