پاک افغان حتمی مذاکرات ،دراندازی نہ رکی تو آپشن آخری حل ہوگا ،خواجہ آصف

استنبول ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)قطر،ترکیہ کی ثالثی،استنبول میں پاک افغان حتمی مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بات چیت کا آغاز مقامی ہوٹل میں ہوا ،پاکستانی وفد مشیر قومی سلامتی اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی سربراہی ،افغان وفد ملا عبدالحق واثق کی قیادت میں مقامی ہوٹل پہنچا،ذرائع کے مطابق استنبول مذاکرات میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے نفاذ کے طریقہ کار کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔

دریں اثناوزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا مذاکرات مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے اور دراندازی ہوتی رہی تو فوجی آپشن آخری حل ہوگا ،بات چیت میں پیشرفت کا امکان کسی صورت رد نہیں کیا جا سکتا۔

برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا اگرسرحد پار سے دراندازی جاری رہی تو پاکستان اپنی سلامتی یقینی بنائے گا، ایک ہی مطالبہ ہے افغان سرزمین سے دراندازی بند ہو،افغان طالبان حملے بند ہونے کی تحریری طور پر ضمانت نہیں دینا چاہتے، بھارت کا کابل پر اثرورسوخ ہے وہ نہیں چاہے گا مذاکرات کامیاب ہوں، بھارت کی خواہش ہے پاکستان کو دہشتگردی میں الجھائے رکھے۔