جرمنی کا پاکستان کیلئے 11 کروڑ 40 لاکھ یورو ترقیاتی پیکیج


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مذاکرات کامیاب،جرمنی نے پاکستان کیلئے 11 کروڑ 40لاکھ یورو کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کردیا۔

مذاکرات کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی (BMZ) کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی،،جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور پاکستان کی سفیر برائے جرمنی ثقلین سیدہ بھی موجود تھیں ،جرمنی نے مالی اور تکنیکی تعاون کی مد میں 2025-26 کےلئے 114 ملین یورو کے نئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جو کلیدی شعبوں ، ماحولیاتی تحفظ و توانائی، پائیدار اقتصادی ترقی و فنی تربیت، سماجی تحفظ پر مرکوز ہوگا۔

سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت کے پاکستان کے ترقیاتی سفر میں مسلسل اور قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا،حمیر کریم نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں، روزگار کے مواقع میں اضافے اور سماجی تحفظ کے نظام کے استحکام میں جرمنی کے کردار کو سراہا ،جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا جرمنی پاکستان کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پائیدار ترقی، اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح کےلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے 2025 کے پاکستان جرمنی دو طرفہ ترقیاتی تعاون مذاکرات کا خلاصہ دستاویز پر دستخط کیے۔