پاکستان میں پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح

اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیر اعظم نے پاکستان میں گوگل کرومبک اسمبلی لائن کا افتتاح کرتے ہوئے تاریخی سنگ میل قرار دیدیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا موجودہ دور میں جدید علوم سیکھنا ناگزیر ہے، معاہدے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان اور گوگل کے مشترکہ منصوبے کا مقصد کروم بک کی نوجوانوں کیلئے کم قیمت پر فراہمی آسان بنانا ہے، ہم نے ٹیکنالوجی میں بہت ترقی کی اور کر رہے ہیں، چند سال میں حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ، وزارت آئی ٹی کی کوششوں کے ثمرات مل رہے ہیں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا اسلام امن پسند دین ہے، انسانیت کو بچانے کےلئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی، غزہ امن معاہدے پر گزشتہ ماہ دستخط ہوئے، امریکی صدر کی موجودگی میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے، غزہ میں امن کےلئے کوششوں پر عملدرآمد جاری ہے، اسرائیل صدر ٹرمپ کی موجودگی میں ہونے والے امن معاہدے پر عمل کرے، پاکستان اور دیگر عرب اسلامی ممالک غزہ میں امن کےلئے خلوص نیت سے کوششیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا پاکستان نے عظیم سنگ میل عبور کر لیا،گوگل کروم بک سے نوجوان نسل نئے رجحانات کی جانب قدم رکھے گی،ڈیجیٹل ترقی کو تیزی سے بڑھائیں گے،نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن اور گوگل کے اشتراک سے ہری پور میں قائم فیکٹری میں ابتدائی طور پر روزانہ 50ہزار کروم بک تیار کی جا سکیں گی۔