دہشت گردی کیخلاف ریلوے پولیس کی قربانیوں کو یاد رکھا جائیگا: حنیف عباسی

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں 68ویں ریکروٹ، ساتویں انٹرمیڈیٹ، چھٹے ڈرل انسٹرکٹر اور پہلے سب انسپکٹر لیگل کورسز کی پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں 468 اہلکاروں بشمول 97 خواتین پاس آوٹ ہوئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر ریلویز حنیف عباسی تھے جن کا آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر نے پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالرب چودھری اور پرنسپل ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن اقصیٰ رسول اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ ٹرینیز کو 6 ماہ کے دورانیہ میں دور جدید کے تقاضوں کے پیش نظر جدید تربیت دی گئی جس میں جوانوں کو دہشت گردی جیسے موزی مرض سے نبردآزما ہونے کیلئے سخت جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ جوڈو کراٹے، سیلف ڈیفنس، ان آرمڈ فائٹ، ویپن ہینڈلنگ، فائرنگ، فزیکل فٹنس اور ضروری فوجداری قوانین اور سکیورٹی میں خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ ٹرینیز کو ڈرائیونگ سکھائی گئی اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کروائے گئے۔ آئی جی ریلویز پولیس نے سپاسنامہ پیش کیا اور اپنی تقریر میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا اور تمام جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے سے نہ صرف ریلویز پولیس کے افسران اور جوانوں نے استفادہ حاصل کیا بلکہ یہاں سے ایف آئی اے اور اے این ایف جیسے اداروں کے جوانوں نے بھی بنیادی تربیت حاصل کی۔ آئی جی نے ریلویز پولیس میں 1500 سیٹوں پر بھرتی کی اجازت دینے پر وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کو خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے۔ آئی جی نے مہمان خصوصی سے گذارش کی کہ ریلویز پولیس میں بھرتی مستقل بنیادوں پر کی جائے اور موجودہ کنٹریکٹ پر ہونیوالے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ مزید ملازمین کے سکیل اپ گریڈ کرنے اور ریلویز پولیس کے بینڈ سٹاف میں بھرتی کی اجازت کی درخواست کی۔ وفاقی وزیر ریلوے اپنی تقریر میں پاس آوٹ ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہدایت دی کہ آپ اپنی ڈیوٹی پوری تندہی اور لگن سے سرانجام دیں اور مصیبت زدہ مسافروں کے مددگار بنیں اور فیلڈ میں جاکر ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن سے حاصل کردہ تربیت کو عملی جامہ پہنا کر ملک کا نام روشن کریں۔ وزیر ریلویز کا کہنا تھا کہ آئی جی ریلویز کی سرابرہی میں ریلویز پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہوگئی ہے اور اس فورس نے ایک مقام حاصل کرلیا ہے۔ آئی جی کی کمان میں بغیر ٹکٹ مسافروں اور اس میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائیاں، اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز میں معاونت اور کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ مزید بیان کیا کہ ریلویز پولیس میں موجودہ اور جاری کل 1500 افسران اور ملازمین کے بھرتی کا عمل نہایت ہی شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی بقاءکیلئے اب تک ریلویز پولیس کے 37 جوانوں نے جام شہادت نوش فرمایا ہے اور ان میں سے چند شہداءقائد اعظم/ پاکستان پولیس میڈل کے حامل بھی ہو چکے ہیں۔ ان سب کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دشمن نے بڑی کوشش کی، مگر نہ میرا ڈرائیور، نہ مسافر اور نہ ریلویز پولیس و دیگر سکیورٹی اہلکار ڈرے لہٰذا کوئی جعفر ایکسپریس کو بند نہیں کرواسکا اور نہ کرواسکے گا۔ آخر میں آئی جی ریلویز کی مستقل بھرتی، سکیل اپ گریڈیشن اور بینڈ سٹاف جیسی گزارشات کی اجازت کا اعلان کیا۔ وزیر ریلویز نے ٹریننگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں کوئٹہ ڈویژن کے سمیع اللہ، راولپنڈی ڈویژن کے عدیل احمد اور رقیہ الطاف، کراچی ڈویژن کے عبدالغفور، لاہور ڈویژن کے حماد، پشاور ڈویژن کے مسرور علی، سکھر ڈویژن کے شہباز علی اور ورکشاپس ڈویژن کے زین عالم شامل ہیں۔ تقریب میں سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ، ڈی آئی جی نارتھ عبدالرب چودھری، ڈی جی والٹن سفیان سرفراز ڈوگر اور اے آئی جی ایڈمن سید حماد حیدر سمیت ریلویز و ریلویز پولیس افسران، ملازمین اور فیملیز نے شرکت کی۔