اپنی خودمختاری اورسمندری سرحدوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں،ایڈمرل نوید اشرف
کراچی:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور آپریشنل ،جنگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر پاک میرینز میں 3 جدید ترین 2400ٹی ڈی ہوورکرافٹ کو باضابطہ طور پر شامل کیا گیا جو پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں،نئے شامل کیے گئے ہوورکرافٹ میں بیک وقت مختلف النوع ماحول میں موثر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ہے جن میں کم گہرے پانی والے، ریتیلے اور دلدلی ساحلی علاقے شامل ہیں۔
سربراہ پاک بحریہ نے افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت پاک بحریہ کی جدید خطوط پر استوار ہونے کی کاوشوں ،ملکی سمندری سرحدوں، بالخصوص کریکس کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی مظہر ہے،سمندری مواصلاتی راستوں ،میری ٹائم سکیورٹی کا تحفظ محض عسکری ضرورت نہیں بلکہ قومی خودمختاری، معاشی خوشحالی و استحکام کی اساس ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا پاک بحریہ بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام کی ضامن و قابل اعتماد قوت ہے،اپنی خودمختاری اور سر کریک سے جیوانی تک سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں،امیرالبحر نے قوم کو یقین دلاتے ہوئے کہا پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ساحلوں سے سمندر تک غیرمتزلزل حوصلے کی طرح مضبوط ہیں۔
















