پی آئی اے پروازوں کی5سال بعد برطانوی فضاﺅں میں واپسی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پی آئی اے پروازوں کی5 سال بعد برطانوی فضاﺅں میں واپسی،طیارے نے مانچسٹر کےلئے اڑان بھر لی،اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار تقریب منعقد کی گئی ،وزیر دفاع خواجہ آصف، برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ، ایوی ایشن حکام،پی آئی اے انتظامیہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو بڑا نقصان ہوا،قومی ایئرلائن کے معیار کو دوبارہ بحال کردیا، پی آئی اے روٹس کی بحالی اہم پیشرفت ہے، مانچسٹر کےلئے پرواز کا آغاز شاندار آغاز ثابت ہوگا،برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ نے مثبت و تعمیری کردار ادا کیا،سفارتی عملہ بھی خراج تحسین کامستحق ہے۔
خواجہ آصف نے کہاجلد لندن ، برمنگھم کےلئے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی ، حکومت پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کےلئے کوشاں ہے،کامیابی کوئی اتفاق نہیں ،حکومتی ترجیحات، مضبوط قیادت اور انتھک کوششوں کا عملی ثبوت ہے، حکومت نے لمحہ ضائع کیے بغیر ملکی ہوابازی کے اداروں کو بااختیار بنایا اور ضروری وسائل فراہم کیے،دنیا کے سخت ترین ایوی ایشن اداروں کے معیار پر پورا اترنے کےلئے پائلٹ ٹریننگ، لائسنسنگ سسٹم، طیاروں کی دیکھ بھال، حفاظتی ضوابط کو مکمل طور پر ازسرنو ترتیب دیا۔
















