پاکستان خطے کا”فاتح “،کامیاب سفارتکاری نے عالمی منظرنامہ بدل دیا


واشنگٹن:(بیورورپورٹ)کامیاب سفارتکاری نے پاکستان کو خطے کا”فاتح “بنادیا۔

معروف امریکی جریدے فارن پالیسی نے پاکستان کو ”خطے کا سفارتی فاتح“ قرار دیتے ہوئے کہا اسلام آباد نے پچھلے چند ماہ میں متوازن و موثر خارجہ پالیسی کے ذریعے عالمی منظرنامہ بدل دیا، 6ماہ کے دوران امریکہ، چین، سعودی عرب، ترکیہ، ایران اور ملائیشیا کےساتھ تعلقات میں نئے سنگ میل طے کرنا سفارتی بحالی و موثر خارجہ حکمت عملی کا واضح ثبوت ہیں۔

فارن پالیسی نے رپورٹ میں کہا اسلام آباد نے امریکہ سے تعلقات بحال کر کے خطے میں سفارتی توازن پیدا کیا، پاکستان کی جانب سے داعش خراسان کے دہشتگردکی گرفتاری نے واشنگٹن میں اعتماد و تعاون کا نیا باب کھولا،سینٹ کام کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے پاکستان کے انسداد دہشتگردی اقدامات کو غیر معمولی و موثرقرار دیا، سعودی عرب سے سٹریٹجک دفاعی معاہدے نے خطے میں نئی سفارتی لہر پیدا کردی، چین سے دفاعی و اقتصادی تعاون میں توسیع نے بیجنگ اسلام آباد تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

امریکی جرید ے کے مطابق امریکہ ،پاکستان کے بڑھتے تعلقات نے واشنگٹن ،نئی دہلی کے درمیان فاصلے پیدا کر دیئے ، بھارت کو خدشہ ہے ٹرمپ انتظامیہ کے پاکستان کی طرف جھکاو سے 25 سالہ سفارتی محنت ضائع ہو جائے گی،ٹرمپ ،مودی کی حالیہ تلخ فون کال کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے سے پاکستان کیلئے نئی راہیں کھلیں۔

رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ، ٹرمپ کے درمیان جون میں ہونے والی 2گھنٹے طویل ملاقات نے دوطرفہ تعلقات میں نئی گرمجوشی پیدا کی ،وزیراعظم شہباز شریف کا غزہ امن کانفرنس میں متحرک کردار اور امریکی سرمایہ کاری کے معاہدے پاکستان کی عالمی اثر و رسوخ میں اضافے کا ثبوت ہیں،جریدے نے کہاپاکستان نے ٹرمپ انتظامیہ سے شاندار تجارتی پیکیج حاصل کیا ،امریکی کمپنی نے 500 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا،پاکستان نے غیر نیٹو اتحادی ہونے کے باوجود امریکہ، چین اور سعودی عرب کےساتھ بیک وقت تعلقات مستحکم کر کے سفارتکاری کا نیا باب رقم کیا اسلام آباد اب عالمی منظرنامے پر اہم اور فعال کھلاڑی کے طور پر ابھر چکا ۔