سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل، روابط سے معاشی انقلاب آئے گا،شہباز

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل،علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اورتجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرزکانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت اورعوام کی جانب سے شریک مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں، ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس نے بات چیت کا اہم موقع فراہم کیا، کانفرنس دوطرفہ اورعلاقائی روابط کے فروغ کےلئے اہم ہے، عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اورروابط کے نظام میں تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، خطہ موجودہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو تک روابط کا محور رہا، معیشت کی بڑھتی اہمیت نے قدیم گزرگاہ کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ۔

شہباز شریف نے کہا گوادرکی طویل ساحلی پٹی اورکراچی کی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ میں شامل ہیں، کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ مرکوز ہے، ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد تہران استنبول ریلوے تجارت کے نئے باب کا آغاز ہونگے، علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اورتجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا، بڑے منصوبے خطے کی اقتصادی صلاحیتوں کو یکجا کریں گے، تجارت، معیشت اورتوانائی میں تعاون سے نئے دور کا آغاز ہوگا،ڈیجیٹل دور میں روابط صرف سڑک، ریل یا فضائی راستوں تک محدود نہیں، آج کا دور ڈیٹا اور تکنیکی انضمام سے وابستہ ، پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچرکے شعبے میں سرمایہ کاری کررہا ، نوجوان نسل کو جدید دورکے تقاضوں کے مطابق تربیت کی فراہمی ترجیح ہے۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف کی قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،وزیراعظم نے پاکستان کے ایک اہم شراکت دار اور با اثر علاقائی ثالث کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مواقع پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور قطری سرمایہ کاروں کو حکومت کے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل فریم ورک کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی، قطر ی وزیر تجارت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کےساتھ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے کےلئے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا محنت اور حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان سے پولیو کا جلدخاتمہ ہو گا، انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ، بعض اوقات وہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مشکل حالات اور علاقوں میں انسداد پولیو کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اپنی، پوری قوم اور حکومت کی طرف سے پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یوم انسداد پولیو پر تقریب کا انعقاد مرض کی روک تھام کیلئے حکومتی عزم کا مظہر ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے سرگرداں عظیم پاکستانیوں نے اپنی زندگیاں ملک کیلئے وقف کیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا اسلام آباد میں ٹریفک کا دباو کم کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق ہوٹلز اور رہائشی منصوبے بھی ضروری ہیں، ترقیاتی منصوبےملکی مفاد میں جلد مکمل کیے جائیں۔