پاک چین عدالتی تعاون کے نئے دور کا آغاز،مفاہمتی یادداشت پر دستخط


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک چین عدالتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ،دونوں ممالک کی سپریم کورٹس نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور عوامی جمہوریہ چین کی سپریم پیپلز کورٹ کے چیف جسٹس نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اعلامیے میں کہا گیا ایم او یو کے ذریعے دونوں چیف جسٹسز نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، استعداد کار میں اضافے و علمی تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سپریم کورٹ نے کہاوزارت خارجہ،قانون و انصاف اور حکومت کی خدمات قابل ستائش ہیں ،پورے عمل میں بنیادی کردار ادا کیا،تعاون عدالتی نظام کی باہمی تفہیم کو فروغ دینے ، مصنوعی ذہانت، سائبر کرائم، مالیاتی جرائم، ماحولیاتی تبدیلی، بین الاقوامی تجارتی قانون، تجارتی تنازعات ،متبادل تنازع حل جیسے شعبوں میں سہولت کاری کو فروغ دینے کےلئے کیا گیا ،تعاون میں عدالتی دوروں، تربیتی پروگراموں، سیمینارز ، علمی تبادلوں کے ذریعے عدالتی استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو،سی پیک کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مفاہمتی یادداشت میں موثر تنازع حل کے طریقہ کار کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ،دونوں فریقین نے بین الاقوامی عدالتی معاونت، عدالتی فیصلوں کے نفاذ ،کثیرالجہتی قانونی فریم ورک کے اندر تعاون پر اتفاق کیا تاکہ قانون کی بالادستی ،عالمی عدالتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے،مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں عدالتیں اہم فیصلے شیئر ،عالمی قانونی چیلنجز پر مشترکہ تحقیقی کام ،رابطہ کاری کےلئے طریقہ کار وضع کریں گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار اور سپریم پیپلز کورٹ آف چائنہ کے انٹرنیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان قریبی رابطہ شامل ہوگا،دونوں ممالک کی عدالتوں کے درمیان رابطوں کا مقصد مختلف اقدامات پر موثر فالو اپ یقینی بنانا ہے،مفاہمتی یادداشت عدالتی تعاون کو گہرا کرنے، جدید ٹیکنالوجی کے انضمام اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے عدالتی نظام کو جدید بنانے کے مضبوط باہمی عزم کی علامت ہے ۔