راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کسی بھی براہ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا،بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا،نوجوانوں کو سیاسی مفادات کی بجائے ترقی واستحکام کے مثبت ایجنڈے پر یکجا ہونا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان کے شرکا سے ملاقات میںفیلڈ مارشل نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا اقدامات عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری لانے کےلئے کیے جا رہے ہیں،بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو صوبے کے عوام کی بہتری کےلئے بروئے کار لایا جائے ۔
سید عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، صوبے کے لوگ نہایت باصلاحیت، باہمت ،محب وطن ،ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں،پائیدار ترقی کےلئے نوجوانوں کا فعال کردار نہایت اہم ہے، ذاتی سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو رد کرکے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا،بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کےلئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا بھارتی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج صوبے میں عوام دشمن ،ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہیں تاکہ تشدد کو ہوا دی جا سکے،دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم ملکی سرحدی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی براہ راست یا بالواسطہ کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ پاکستانی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے،ورکشاپ کے اختتام پر مفصل سوال و جواب کے سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔
کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
















