قطر ، ترکیہ کی ثالثی، پاک افغان جنگ بند ، معاہدہ صحیح سمت میں پہلا قدم ہے:پاکستان

دوحہ، اسلام آباد (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کےلئے ہونےوالے دوحہ مذاکرات کامیاب ،پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ، خطے میں امن و استحکام کی نئی راہیں کھلنے کی امید پیدا ہوگئی ہے،معاہدہ قطر اور ترکیہ کی مشترکہ ثالثی میں طے پایا، مذاکرات13 گھنٹے تک جاری رہے،فالو اپ اجلاس 25 اکتوبر کو استنبول میں ہو گا،دونوں ممالک کے وفود تفصیلی معاملات پر بات چیت کریں گے،ترجمان قطری وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتیں کرنے اور امن و استحکام کےلئے مستقل میکنزم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا،قطر نے امید ظاہر کی جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کا خاتمہ ہوگا،ذرائع کے مطابق مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی جبکہ اعلیٰ سکیورٹی حکام بھی موجود تھے، افغان وفد کی سربراہی افغانستان کے وزیر دفاع ملا یعقوب نے کی،مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے اپنے تحفظات، خدشات اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی، وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے، پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا،25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ،معاملات پر تفصیلی بات ہوگی، ہم قطر اور ترکیہ دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں،ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشتگردی کے سدباب کے لیے اقدامات ضروری ہیں،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا دوحہ میں گزشتہ رات طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ درست سمت میں اٹھایا گیا پہلا مثبت قدم ہے، ہم برادر ممالک قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں ، ترکیہ میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں ٹھوس اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر بات ہوگی،افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشتگردی کے سدباب کےلئے اقدامات ضروری ہیں، مزیدجانی نقصان سے بچنے کےلئے تمام ممکنہ اقدامات پر عملدرآمد ناگزیر ہے،مزید بر آںترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا، بیان میں کہا گیا افغانستان اور پاکستان کے درمیان ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں ہونےوالے مذاکرات کے بعد جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ترکیہ دونوں برادر ممالک اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کےلئے حمایت جاری رکھے گا،عمان نے بھی افغانستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا، بیان میں کہا گیا سلطنت عمان معاہدے تک پہنچنے میں قطر اور ترکیہ کے کردار کی تعریف اور امید ظاہر کرتی ہے ، معاہدہ دیرپا اور جامع قیام امن میں مددگار ثابت ہوگا۔