لاہور (مشرق نیوز) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دیکر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 183 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔
چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پہلی اننگز کے سنچورین ٹونی ڈی زورزی (16) تیسری ہی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے۔ 55 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹرسٹان اسٹبس نعمان علی کا شکار بن گئے۔ رائن ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی پارٹنرشپ کرکے اپنی ٹیم کو جیت کی کچھ امید دلائی تاہم ڈیوالڈ بریوس 54 رنز پر نعمان علی کی شاندار گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انکے آوٹ ہونے کے بعد مجموعی اسکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد رائن ریکلٹن (45) بھی پویلین لوٹ گئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین آفریدی نے چار، چار جبکہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور ٹیسٹ: نعمان علی کے 10 شکار، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی


















