پشاور: (بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے گورنر کے پی کو نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کاحکم دےدیا۔
پی ٹی آئی کی آرٹیکل 255 کے تحت دائر آئینی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیاگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ تک حلف لیں،گورنر نے 4بجے تک حلف نہ لیا تو پھر سپیکر لیں۔
فیصلے کے مطابق علی امین گنڈاپور نے استعفیٰ دےدیا ،قانون کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینا ضروری ہے،قانون کے مطابق بغیر تاخیر نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینا چاہیے، گورنر خیبرپختونخوا آئینی ذمہ داری پوری کریں،حلف لینے کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاآئین کا آرٹیکل 255(2) چیف جسٹس کو اختیار دیتا ہے حلف کےلئے کسی کو بھی نامزد کرسکتے ہیں، احکامات صوبے میں آئینی خلا پرکرنے،آئین کی بالادستی یقینی بنانے کےلئے جاری کیے گئے،نو منتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل،گورنر کے وکیل نے بتایا گورنرکراچی میں ہیں، آج 2بجے واپس پہنچیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا علی امین گنڈاپور نے اسمبلی فلور پراستعفے کی تصدیق کردی،اسمبلی فلور پر تقریر کا ٹرانسکرپٹ عدالت میں جمع کرایا گیا،آئین کے آرٹیکل 130(5) کے مطابق وزیراعلیٰ کا عہدہ خالی ہے، قانون کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ کیلئے منصب سنبھالنے سے پہلے حلف لینا لازمی ہے۔
قبل ازیں درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے متعدد بار گورنر خیبرپختونخوا کے مو¿قف پر استفسار کیا،چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیابتائیں گورنر نے کیا کہا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا گورنر سرکاری دورے پر کراچی میں ہیں اور وہ فلائٹ کے ذریعے واپس آئیں گے،چیف جسٹس نے استفسار کیا تو کیا حلف لیں گے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا گورنر نے علی امین گنڈا پور کو طلب کیا۔
چیف جسٹس نے کہا یہ تو ایک الگ معاملہ ہے، بتائیں حلف لیں گے یا نہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا گورنر واپس آ کر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کریں گے،گورنر کے وکیل عامر جاوید نے کہاعلی امین گنڈا پور کو طلب کرنے کے بعد گورنر کراچی گئے ،واپسی کے بعد قانون کے مطابق اقدام اٹھائیں گے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے سے ہی استعفیٰ ہو جاتا ہے، چاہے گورنر منظور کریں یا نہیں۔
گورنر کے وکیل نے موقف اختیار کیا ابھی کہنا گورنر حلف نہیں لیں گے، قبل از وقت ہے،چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کیا ممکن ہوگا گورنر حلف لینے کا فیصلہ کریں،علی امین گنڈاپور نے تو اسمبلی فلور پر استعفے کی تصدیق کر دی ،وکیل گورنر نے موقف اپنایا چونکہ گورنر صوبے میں موجود نہیںوہ کوئی فیصلہ خود دیکھے بغیر نہیں کر سکتے،پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیاعلی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دیا اور نئے وزیراعلیٰ کو ووٹ بھی دیا، گورنر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ،امکان ہے کوئی نیا راستہ اختیار کر کے معاملہ موخر کریں،بعدازاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیاجو کچھ دیر بعد سنا یا گیا۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی جنید اکبر نے کہا عدالت نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دےدیا، سیاسی و قانونی جنگ لڑی، 26 ویں ترمیم کے بعد بھی عدالت پر اعتماد ہے اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو سپیکر صوبائی اسمبلی لیں گے،جمہوری عمل میں ساتھ دینے پر تمام سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوںاب بھی سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کسی کی باتوں میں نہ آئیں،ایک امیدوار پر اتفاق رائے نہ ہونے پر اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا،پی ٹی آئی کےلئے حکومتیں معنی نہیں رکھتیں، گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ٹیڑھی کرنا ہوگی۔
اسد قیصر نے کہا قانون کی فتح ہوئی ، چیف جسٹس نے میرٹ پر فیصلہ دیا اس طرح فیصلے ہوں گے تو عدالتوں کےساتھ ہیں، 26 ویں ترمیم کے بعد فیصلہ جرات مندانہ ہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے کہا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی فتح ،جمہوریت کے استحکام کا مظہر ہے،فیصلہ عمران خان کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے ادارے آئین کے مطابق فرائض انجام دیں، پی ٹی آئی کےساتھ ہیں ،مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے،بانی کی رہائی کےلئے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا عدلیہ نے ایک بار پھر ثابت کیا آئین کی بالادستی ہی ملکی استحکام کی ضمانت ،گورنر کے حلف نہ لینے کی صورت میں سپیکر کی نامزدگی آئینی تسلسل کا بہترین حل ہے،صوبے میں جمہوری عمل کے تسلسل کےلئے حکومت آئین کے مطابق آگے بڑھے گی، بانی کاویژن انصاف، آئین کی پاسداری اور عوامی حق حکمرانی پر مبنی ہے۔
ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کبھی نہیں کہا حلف نہیں لوں گا، آئین و قانون پر عمل کروں گا،ہر صورت کے پی پہنچ جاوں گا، گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے اپنا طیارہ فراہم کریں۔
صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا،میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ،اپنا آئینی فرض ادا کروں گا۔
دوسری جانب جے یوآئی نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا گیا،لطف الرحمن نے بیرسٹر یاسین رضا کی وساطت سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا وزیراعلیٰ کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا، کیسے دوسرے کا انتخاب ہوسکتا ہے؟۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لطف الرحمن نے کہا وزیر اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی ہے،نیا وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا کام کرسکتا ہے،سپیکر کے کہنے پر کاغذات جمع کیے لیکن اجلاس کا بائیکاٹ کیا، گورنر کا خط جب آیا تب معلوم ہوا استعفیٰ منظور ہی نہیں ہوا۔
گورنر کے پی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں: پشاور ہائیکورٹ،آئینی فرض ادا کروں گا:کنڈی
















