جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل
کراچی: (بیورورپورٹ) جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل،سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات پر مزید کسی کارروائی سے بھی روک دیا۔
جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی، جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر عمران صدیقی نے موقف اپنایا انہیں ابھی حال ہی میں نوٹس ملا ہے، اس لئے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے،درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے کہا فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیا جاسکتا ہے لیکن تب تک جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل ہونا چاہیے تاکہ ان کے موکل کو نقصان نہ پہنچے۔
سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے ایک شخص کی زندگی بھر کی کمائی کا معاملہ ہے، عدالت کو انتہائی احتیاط سے فیصلہ کرنا ہوگا اگر 30،35سال بعد کوئی درخواست دائر کی گئی ہے تو متاثرہ شخص کو ضرور بلایا جانا چاہیے، فریقین کو سنے بغیر کیا گیا کوئی بھی فیصلہ قانونی طور پر کمزور ہوتا ہے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے مزید کہا ہوسکتا ہے ذاتی مفاد کی بنیاد پر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی گئی ہو جبکہ ایکس پارٹی ججمنٹ کو کبھی بھی اچھا فیصلہ نہیں سمجھا جاتا، عدالت نے بھی واضح کیا اگر جامعہ کراچی نے درخواست گزار کو معاملے میں نوٹس نہیں دیا تو فیصلہ قانون کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا،رجسٹرار جامعہ کراچی نے عدالت کو بتایا تعیناتی نئی ہے اس لئے معاملے کی تفصیلات سے مکمل طور پر آگاہ نہیں، عدالت نے کہا آپ اگر عدالت میں آئے ہیں تو جواب دینا لازمی ہے،عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کےلئے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔
















