ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ کھیلیں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کا لازمی جزو ہیں جو نہ صرف ذہنی اور جسمانی نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہیں بلکہ ان میں نظم و ضبط، برداشت اور سپورٹس مین سپرٹ کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ وہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام دوسری سالانہ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز ڈاکٹر سیدہ عندلیب نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر عمران جعفر کمیانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد پر کالج انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب بھر کے مختلف ڈویژنوں سے آئے ہوئے نوجوان طلبہ کی موجودگی ساہیوال ڈویژن کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں پر مبنی ایونٹس نئی نسل کو ایک باکردار اور باصلاحیت معاشرہ کی تشکیل میں مدد دیں گے۔ کمشنر نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت کے لیے اس قسم کے پروگرامز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کھیلوں کی سرگرمیاں ذہنی، جسمانی نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہیں: کمشنر ساہیوال
















