ایمان مزاری کا کمزور ججز کی نشاندہی کرنا کیا برا ہے،جسٹس محسن اختر کیانی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ایمان مزاری کےخلاف توہین عدالت کارروائی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاگیا،جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پر سماعت کی،درخواست گزار نے موقف اپنایا فریق نے تاثر دیا ججز میں تقسیم ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کونسے ججز کی بات کر رہے ہیں؟ ،درخواست گزار نے کہا سر 5 ججز میں آپ بھی شامل ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی درخواست گزار احتشام احمد پر برہم ہوگئے اور کہا یہیں پر رک جائیں آگے ایک لفظ بھی نہ بولیے گا، ججز کو بتانا چاہیے عزت نفس مجروح ہوئی ، کوئی اور آ کر بتائے گا ججز کی عزت نفس مجروح ہو رہی ہے تو تاثر کچھ اور جائے گا،کسی کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، عدالت میں کوئی تقسیم نہیں ، صرف اپنے کیس کی حد تک رہیں ،عدالت میں تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔
درخواست گزار نے ایمان مزاری کی پریس کلب کے باہر کی گئی تقریر پڑھی،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا جو کچھ آپ پڑھ رہے ہیں اس میں توہین عدالت کیسے لگتی ہے؟ آپ اخبار پڑھتے ، وی لاگ سنتے ہیں سب کو آزادی اظہار رائے ہے، درخواست گزار نے کہا ٹرائل کورٹ کے ججز کیخلاف تاثر دیا گیا پریشر ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا ٹرائل کورٹ کے جج نے کہیں پر کوئی شکایت کی؟ ،درخواست گزار نے کہاراولپنڈی کے ٹرائل کورٹ کے بارے میں ایمان مزاری نے بات کی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وہ کمزور ججز کی نشان دہی کر رہی ہیں کیا برا ہے، اچھے ،نالائق جج بھی ہوتے ہیں، توہین عدالت کا کیس کیسے ہے؟ ،درخواست گزار نے کہا ضلعی عدلیہ کے ججز سے متعلق توہین آمیز گفتگو کی گئی ،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا آپ کے کیس میں تو کوئی جج شکایت نہیں کر رہا، کسی جج نے کوئی شکایت کی ہے؟ ججز بار کونسلز میں جا کر تقریر کرتے ہیں، پہلے دیکھیں گے درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔

















