پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن،مہنگائی بڑھے گی،ایشیائی ترقیاتی بینک


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن،مہنگائی بڑھے گی،ایشیائی ترقیاتی بینک نے آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے، پالیسی ریفارمز ،استحکام سے معیشت میں بہتری جاری رہے گی، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی،ترقی کے امکانات مثبت ہیں لیکن ڈھانچہ جاتی چیلنجز برقرار ہیں، بار بار آنے والی قدرتی آفات اور حالیہ سیلاب ترقی کیلئے خطرہ ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق اصلاحات ،پالیسی عملدرآمد سے معاشی رفتار و اعتماد برقرار رکھا جا سکتا ہے، 2026 میں امریکہ پاکستان تجارتی معاہدے سے کاروباری اعتماد بحال ہونے کا امکان ہے،بیرونی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری و سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے، سیلاب سے انفراسٹرکچر ، زرعی اراضی کو نقصان شرح نمو پر دباو ڈالے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا تعمیراتی شعبے کیلئے بجٹ میں دی گئی مراعات جزوی طور پر نقصانات کم کریں گی،2026 میں اوسطاً مہنگائی 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے، سیلاب سے سپلائی چین متاثر ہوگی ،خوراک کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے،گیس ٹیرف میں اضافے سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا، مرکزی بینک مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے محتاط مانیٹری پالیسی اپنائے گا۔