سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر، دہشت گردی کا مکمل صفایا کرینگے:وزیر اعظم

لندن (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے میں اور فیلڈ مارشل ہر معاملے پر ایک دوسرے سے مشورہ کرتے ہیں، خارجی ہاتھ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، دہشت گردی کا چیلنج دوبارہ سر اٹھا رہا ہے جس کا مکمل صفایا کیا جائے گا،برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہے، میں اور فیلڈ مارشل ہر قومی مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں، اقتصادی صورتحال کے حوالے سے بھی باہمی مشاورت کی جاتی ہے، دعا ہے یہ ہم آہنگی جاری رہے تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہوسکے، افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ ہمیشہ یادرکھے گا، ہماری بہادرافواج نے بھارت کےخلاف جنگ جیتی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی، جنگ کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی تھی، وزیر اعظم نے کہا نیویارک اورواشنگٹن کا دورہ بہت کامیاب اورمفید رہا، اقوام متحدہ کی عمارت میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیشرفت ہے، قطر،متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن اورمصر بھی اہم اجلاس میں شریک ہوئے، صدر ٹرمپ نے غزہ پر اجلاس کی صدارت کی پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، غزہ سے متعلق اجلاس میں حوصلہ افزا بات چیت ہوئی، یقین کامل ہے غزہ پر حالیہ اجلاس کا مثبت نتیجہ بہت جلد سامنے آئے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، امریکی صدر سے ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، امریکی صدر کی یواین اسمبلی اور ملاقات میں تعریف کی، ٹرمپ اوران کی ٹیم نے پاک بھارت جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا، شہباز شریف نے کہا دفاعی معاہدہ پاکستان اورسعودی عرب کی دیرینہ خواہش تھی، حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دہائیوں سے جاری اعتماد کا رشتہ ہے، پاکستان سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کسی کےخلاف نہیں،پاکستان کی مضبوط اقتصادیات کےلئے جستجو کررہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چین میں تربیت کےلئے بھیجا ہے، قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہمارا عزم ہے، صدر ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں بھرپورتعاون کریں گے، غزہ میں 2023سے جاری ظلم وستم کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، غزہ میں مسلمانوں کے خلاف بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں بھرپورآواز اٹھائی، اقوام متحدہ میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جنرل اسمبلی کے فورم پر بھرپورآواز اٹھائی، پانی کے حوالے سے بھی بات کی، سعودی عرب کے دورے میں پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی، سعودی قیادت نے شاندار استقبال کیا جو 24کروڑ پاکستانیوں کیلئے باعث فخر ہے،وزیراعظم نے کہادہشتگردی کا چیلنج دوبارہ سراٹھا رہا ہے، افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہیں، خارجی ہاتھ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے، افواج پاکستان کے جوان اورافسران دن رات قربانیاں دے رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، پاکستان بھارت جنگ بندی میں اہم کردارادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، پاکستانی قوم نے امن کی کوششوں پر نوبل انعام کیلئے صدر ٹرمپ کا نام تجویز کیا، شبانہ روزمحنت کے نتیجے میں پاکستان اوج ثریا کی منزل حاصل کرے گا،ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب نے بہت بڑی تباہی مچائی، 2022 میں سندھ میں سیلاب سے تباہی ہوئی تھی، اس بار پنجاب میں تباہی دیکھی گئی ہے، ایک ہزار سے زائد شہریوں کی جانیں اللہ کو پیاری ہوگئیں، فصلیں تباہ ہوگئیں، ہم بہت نازک صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں، نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، ہمارے حوصلے جوان ہیں،صورت حال سے نکلیں گے اور آگے بڑھیں گے،ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا ہم طاقت کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں، پاکستان سے غربت، بیروزگاری کے خاتمے، سرمایہ کاری، زراعت، مائنز اینڈ منزلز کے شعبہ جات کے ذریعے خوشحالی لانے کےلئے سرگرم ہیں، نوجوانوں کو اے آئی، آئی ٹی، زراعت میں جدید تربیت دیں تو وہ انقلاب لائیں گے اور اسی پر ہماری توجہ ہے۔