لاہور (مشرق نیوز) ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کا نتازع شدت اختیار کر گیا اور پاکستان کے سخت موقف کے بعد آئی سی سی کے پاس متنازع میچ ریفری کو ہٹانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو میچ ریفری تبدیل کرنے کا مطالبہ تسلیم نہ کرنے پر دوبارہ خط لکھ دیا، جوابی خط میں بھی پی سی بی نے سخت موقف اختیار کیا اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف ایکشن نہ لینے کے فیصلے کو مسترد کیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جوابی خط میں پاکستان نے اینڈی پائی کرافٹ کی نگرانی میں کرائے جانے والے میچ میں کھیلنے سے انکار کیا اور مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں بائیکاٹ کے موقف پر قائم رہنے کا کہا۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان نے متنازع امپائر کے خلاف آئی سی سی کی انکوائری کو بھی ایک رسمی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ انکوائری کیلئے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا نہ متعلقہ لوگوں سے رابطہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے تمام تر تحفظات کو دور کرنے پر زور دیا ہے اور کہا پاکستان تمام تر تحفظات دور ہونے اور مطالبہ تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلان کے بعد کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کریگا۔ پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کے سخت مو¿قف کے بعد آئی سی سی کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور میچ ریفری کے حوالے سے جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے، پاکستان کے سخت موقف کے بعد آئی سی سی کے پاس امپائر کو پاکستانی میچز سے ہٹانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔
ریفری کو ہٹانے کے سوا راستہ نہیں، پی سی بی کا آئی سی سی کو دوبارہ خط، فیصلہ آج متوقع


















