ریفری جانبدار ، بھارتی عہدیداروں کےساتھ ملی بھگت ، ثبوت مل گئے

لاہور،دبئی:(سپورٹس رپورٹر) میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ جانبداری کے مرتکب ،بھارتی عہدیداروں کےساتھ ملی بھگت کے ٹھوس ثبوت مل گئے۔


اے سی سی کی جانب سے کی جانے والی خفیہ انٹرنل تحقیقات میں انکشاف ہوامیچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے میچ کے دوران جانبداری کا مظاہرہ کیا،بھارتی حکام کےساتھ مبینہ ملی بھگت کے شواہد سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات میں واضح طور پر دیکھا گیا اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے میچ کے دوران متعدد بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی،ٹاس کے وقت میچ ریفری کا پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہنا خلاف ضوابط اقدام تھا،میچ ریفری نے سلمان علی آغا کو بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت بھی کی،واضح رہے آئی سی سی قوانین کے تحت میچ ریفری کو اختیار حاصل نہیں براہ راست کھلاڑیوں یا کپتان کو میدان میں مخصوص احکامات جاری کرے۔

تحقیقات میں سامنے آیا سلمان علی آغا کو میچ شروع ہونے سے 30 سیکنڈ قبل مخصوص الفاظ ادا کرنے سے روکنا پری پلان منصوبہ تھا تاکہ کسی متنازع ردعمل سے بچا جا سکے،میچ ریفری نے سوریا کمار یادیو کو آپریشن سندورجیسے جملے کے استعمال پر کسی بھی تادیبی کارروائی سے محفوظ رکھا ،معاملہ جان بوجھ کر نظرانداز کیا تاکہ کھلاڑی پر کوئی جرمانہ عائد نہ ہو،پاکستان کی طرف سے میچ ریفری کی تبدیلی درخواست آئی سی سی کیلئے قبول کرنا بھارتی ایجنڈا بے نقاب ہونے کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کر تے ہوئے پی سی بی کو آگاہ کر دیا، آئی سی سی نے پاکستان کے موقف کو تسلیم نہیں کیا میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کے دباو پر متنازع اقدام کیا، گراونڈ میں موجود ایشین کرکٹ کونسل کے رکن نے پائی کرافٹ کو ہینڈ شیک نہ کرنے کاکہا،پائی کرافٹ کو پورے ایشیا کپ سے ہٹانے کی بجائے صرف پاکستان کے میچز سے الگ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ،پاکستان کے میچز میں سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کرنے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے،پاکستان کامطالبہ نہ ماناگیا تو ٹیم ایشیاکپ سے دستبردار ہوجائے گی،پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے میچز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا،مستقبل کے لائحہ عمل کےلئے حکومت سے بھی مشاورت کا امکان ہے،دوسری جانب دبئی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔