فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم،3 ماہ میں 100 ارب کی آمدن کا نقصان

کراچی (مشرق نیوز) وزیراعظم کی جانب سے گزشتہ سال کراچی میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم نے صرف 3 ماہ میں تقریباً 100 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذیلی ادارے پاکستان کسٹمز آڈٹ کی ایک تفصیلی رپورٹ میں کیا گیا ہے جس میں 16 دسمبر 2024 سے 15 مارچ 2025 تک کی مدت کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 13 ہزار 140 گڈز ڈیکلریشنز کی جانچ پڑتال کے دوران 2 ہزار 530 ڈیکلریشنز میں متعدد تضادات سامنے آئے جنہوں نے اسیسمنٹ کے معیار پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں اور ریونیو و کمپلائنس کے خطرات کو نمایاں کیا ہے، یہ رپورٹ 100 فیصد آپریشنز پر محیط نہیں تھی۔

جائزہ لی گئی جی ڈیز میں سے 18 فیصد گرین چینل، 76 فیصد ریڈ چینل اور 6 فیصد یلو چینل سے کلیئر کی گئیں، اس سے سسٹم کی کمزوریاں، افرادی قوت کی نااہلی، انڈر/اوور انوائسنگ اور وسیع پیمانے پر تجارتی بنیادوں پر منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا۔ کچھ معاملات میں سولر پینلز کے درآمد کنندگان نے 2023 میں شپمنٹس درآمد کیں لیکن کنٹینرز کو ایک سال بعد کلیئر کروایا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں فیس لیس سسٹم کے آغاز کا پیشگی علم تھا۔

آڈٹ میں ایک ہزار 524 ڈیکلریشنز میں 5 ارب روپے کے ڈیوٹی/ٹیکس چوری، 2 ارب 43 کروڑ روپے کے جرمانے کے نقصان اور ایک ہزار 6 ڈیکلریشنز میں 10 ارب 54 کروڑ روپے کی مالیت کے ممنوعہ سامان کی کلیئرنس کا انکشاف ہوا، جو دانشورانہ املاک کے اصولوں کے خلاف تھی۔

مزید یہ کہ ایک ارب روپے یا اس سے زیادہ کے ٹیکس/ڈیوٹی چوری والے ڈیکلریشنز پر خلاف ورزی کے کیس نہ بنانے کی وجہ سے 30 ارب 36 کروڑ 40 لاکھ روپے کے جرمانے کا ممکنہ نقصان ہوا۔ آڈٹ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ جعلی طریقوں سے سولر پینلز کے کنٹینرز کلیئر کیے گئے، غیر مجاز ٹیکس نمبروں پر فراڈ کیا گیا اور منی لانڈرنگ سے متعلق سنگین خدشات پائے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کم از کم 20 فیصد کے جرمانے (SRO 499(I)/2009 کے تحت) لگائے جاتے تو 53 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے جا سکتے تھے، لیکن حقیقت میں صرف 3 ارب 48 کروڑ روپے 308 کیسوں میں وصول ہوئے۔