کراچی: (بیورورپورٹ) پاکستان ،بحرین نے منشیات کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کرلیا۔
بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے 10 رکنی وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبد المعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے سینئر سٹاف افسروں کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا،سیکرٹری وزارت داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کیپٹن (ریٹائرڈ) خرم آغا ،آئی جی اسلام آبادسید علی ناصر رضوی بھی ساتھ تھے۔
ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبد المعید نے کہا اے این ایف محدود وسائل ، کم افرادی قوت کے باوجود نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منشیات سمگلنگ کےخلاف موثر انداز میں کردار ادا کر رہی ہے۔
ترجمان اے این ایف نے کہا بحرینی وزیر داخلہ نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔
بحرینی وزیر داخلہ نے اے این ایف کی جانب سے اٹھائے جانےوالے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے کہابحرین منشیات کی روک تھام اور انسداد منشیات کے ضمن میں تربیتی شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
پاکستان ،بحرین کا منشیات کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق
















