ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی شخصی تربیت کیلئے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ سکاوٹنگ جیسے صحتمند اور نظم و ضبط پر مبنی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکاوٹنگ نہ صرف بچوں میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرتی ہے بلکہ ان میں خوداعتمادی، بھائی چارے، تحمل اور حب الوطنی جیسے اعلیٰ اوصاف بھی پیدا کرتی ہے۔ وہ اپنے دفتر میں بوائز سکاوٹس اور گرلز گائیڈ کے کردار سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت، سی ای او ایجوکیشن ساہیوال تنویر غزالی، ڈائریکٹر ایلیمنٹری حسن محمد انجم، ایڈیشنل ڈائریکٹر سکینڈری تنویر احمد، سیکرٹری ساہیوال بورڈ فیاض سلیمی، سی ای او ایجوکیشن پاکپتن شازیہ رفیق سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ اسکاوٹس کو صرف علامتی طور پر تیار نہ کیا جائے بلکہ انہیں اس انداز میں تربیت دی جائے کہ وہ کسی بھی ہنگامی یا مشکل صورتحال میں م¶ثر کردار ادا کر سکیں اور اچھے شہری ثابت ہوں۔ انہوں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع سے دو دو اسکول منتخب کیے جائیں جہاں سے باصلاحیت طلبہ کو اسکاوٹس کے لیے چنا جائے اور ان کو مناسب تربیت فراہم کی جائے۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد کمشنر ان اسکولوں کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن تنویر غزالی نے حالیہ سیلاب، عرس بابا فرید گنج شکر، اور مری کیمپ میں اسکاوٹس کے فعال کردار پر بریفنگ دی اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ کمشنر ساہیوال نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے نئی نسل میں قیادت اور خدمت کے جذبے کو فروغ ملے گا اور معاشرے کو باشعور اور ذمے دار نوجوان میسر آئیں گے۔
سکاﺅٹنگ کا بچوں میں قائدانہ صلاحیتوں کے پیدا کرنے میں اہم کردار ہے: کمشنر ساہیوال
















