فلسطینی چیف جسٹس کامسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) فلسطینی چیف جسٹس ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں 4 رکنی وفد کی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف سے ملاقات ،امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شریک تھے۔

فلسطینی وفد نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا،وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف نے کہا ملت فلسطین کی حمایت انسانی و اخلاقی فریضہ ہے،پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کیلئے امدادی سامان روانہ کررہے ہیں۔

چیف جسٹس فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا غزہ میں جاری مظالم پر عالمی سطح پر مسلسل موثر آواز بلند کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں،عالم اسلام کے قائدین جلد مسجد اقصیٰ میں اکٹھے ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے،ملاقات میں دونوں جانب سے علما کے تبادلے، مکالمے کے فروغ اور مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔