سانحہ کوئٹہ،اموات15 ،واقعہ کنٹرول سے باہر ،روک تھام ممکن نہیں تھی،بلوچستان حکومت


کوئٹہ ،اسلام آباد،بیجنگ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)کوئٹہ میں شاہوانی سٹیڈیم کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی) مینگل کی ریلی میں دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد15تک جاپہنچی،29 زخمی افراد سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں،تفصیلی معائنے کے بعد شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب دھماکے کےخلاف اختر مینگل کے آبائی علاقے وڈھ میں شٹرڈاون ہڑتال رہی،بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ،بلوچستان بارکونسل، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر صوبے میں وکلا کی جانب سے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیاگیا۔

ادھر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا سریاب واقعہ کنٹرول سے باہر ،روک تھام ممکن نہیں تھی ،دھماکے سے قبل منتظمین کو 3 مرتبہ جلسہ ختم کرنے کا کہا لیکن سنجیدہ نہیں لیا گیا،خودکش حملہ آور کی عمر 30 سال سے کم ،شناخت نہیں ہوسکی،جلسے کےلئے سکیورٹی دی گئی ، واقعہ جلسہ گاہ کے اندر ہوتا تو نقصان بہت زیادہ ہوتا، باربار گزارش کررہے ہیں 6 ستمبر تک اپنی موومنٹ کنٹرول رکھیں۔

حمزہ شفقات نے کہا خودکش حملہ جلسہ گاہ سے 500 کلو میٹر دور ہوا، جلسے کا وقت 3 بجے تھا لیکن واقعہ رات 9 بجے پیش آیا، واقعہ جلسہ ختم ہونے کے 45منٹ بعد پیش آیا،انتظامیہ کی سکیورٹی تھریٹ کو سنجیدہ لیناچاہیے، منتظمین سنجیدہ لیتے تو واقعہ نہ ہوتا، 12 ربیع الاول کے موقع پر بھی سکیورٹی تھریٹ الرٹ ہے، آئندہ مغرب کی نماز کے بعد جلسے جلوسوں کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

مزید برآں صدر مملکت آصف زر داری ،وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا سیاسی جلسے پر حملہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی انتشار پھیلانے کی گھناونی سازش کا منہ بولتا ثبوت ہے،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایاجائے،دہشتگرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں،عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔