لاہور (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول کا مبارک دن تمام کائنات اور اس میں بسنے والی ہر ذی روح کیلئے خوشی و مسرت کا دن ہے کیونکہ اس کائنات ارضی کے بسنے والے انسانوں کو ترقی اور ہدایت کی منزلوں کی طرف گامزن کرنے والی ذات حضور نبی کریم اس دھرتی پر اسی تاریخ میں جلوہ فگن ہوئی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ربیع الاوّل ہمیں سیرت النبی سے روشناس ہونے اور اپنی آئندہ نسلوں کو ان کی حیاتِ طیبہ سے آگاہ کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ربیع الاول کے مقدس مہینے کے سلسلے میں ڈویژنل امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت علماءکرام میں ڈاکٹر سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، قاری بشیر احمد،احسان الحق فریدی، مولانا شفیع قاسمی، سید کوثر علی رضوی، سید مظہر حسین نقوی، ڈاکٹر زاہد اسدی سمیت دیگر جید علماءکرام نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ اور ضلع اوکاڑہ کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور تقریبات کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک پلان اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم اور صفر کے دوران مثالی امن و امان علماءکرام اور امن کمیٹی کے تعاون سے ممکن ہوا جسے ربیع الاول میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ 12 ربیع الاول کے موقع پر تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہے جن میں جلوسوں کے راستوں کی صفائی، سکیورٹی پلان اور ٹریفک کی روانی شامل ہیں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم بچوں اور نوجوانوں کو سیرت النبی کے سنہرے اصولوں سے روشناس کرائیں۔ انہوں نے ”ستھرا پنجاب پروگرام“ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر، محلے اور ملک کی صفائی صرف حکومت یا انتظامیہ کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ہم ایک صاف ستھرا اور خوبصورت معاشرہ تشکیل دے سکیں۔آرپی او محبوب رشید نے کہا کہ ہم نبی کریم کے امتی ہیں اور اسلام محبت امن کا دین ہے اور ہم نے اپنی زبان اور عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے پورے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اور ہمیں مل کر اسی طرح امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے آپکا تعاون ہی ہماری طاقت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کرنے کا ٹائم فریم طلب کر لیا۔ سیلابی پانی کے انخلاءکے ساتھ ہی بجلی کی بحالی بھی یقینی بنائی جائے۔ انتظامیہ متاثرہ عوام کی بحالی پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ کمشنر ساہیوال۔ کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، ایس ای میپکو ناصر محمود فانی، ایس ای لیسکو سید قربان علی، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح متاثرہ افراد کی فوری بحالی ہے اس لئے پانی کی نکاسی کے ساتھ ہی ان علاقوں میں بجلی کی بحالی تیز کر دی جائے۔ انہوں نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں میپکو اور لیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ انہیں درپیش مسائل فوری حل ہو سکیں۔ ایس ای میپکو ساہیوال ناصر محمود فانی میں بتایا کہ ضلع ساہیوال اور پاکپتن میں سیلاب سے 22 فیڈرز متاثر ہوئے جبکہ صارفین کی تعداد 21168 ہے۔ اب تک 3 فیڈرز سے جزوی طور پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی ہے۔ ایس ای لیسکو اوکاڑہ سید قربان علی نے بتایا کہ اوکاڑہ ضلع میں 15 فیڈر متاثر ہوئے جبکہ صارفین کی تعداد 4974 ہے جن میں سے 945 صارفین کی بجلی بحال کی جا چکی ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بجلی بحالی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔ کمشنر نے ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو کو ہدایت کی کہ ساہیوال میں شدید بارش کی صورت میں نکاسی آب کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے واسا کی طرف سے فلڈ ریلیف کیمپس میں پینے کا صاف پانی پہنچانے کے بھی ہدایت کی۔
ماہ ربیع الاوّل سیرت النبی سے روشناس ہونے کا پیغام دیتا ہے: کمشنر ساہیوال
















